رسائی کے لنکس

کراچی: بلدیاتی انتخابات کی گہما گہمی کا آغاز


فائل
فائل

پاکستان کے صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دو مرحلے ہو چکے ہیں اور اب تیسرا مرحلہ پانچ دسمبر کو متوقع ہے جس میں کراچی میں پولنگ ہوگی۔

بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ گزشتہ مہینے ہوا تھا جس میں سندھ کے آٹھ اضلاع میں پولنگ ہوئی تھی۔ جبکہ دوسرا مرحلہ گزشتہ ہفتے ہوا جس میں چودہ اضلاع میں پولنگ ہوئی۔ اب تیسرے مرحلے میں تقریبا دو ہفتے باقی ہیں لیکن کراچی میں ابھی سے ہی بلدیاتی انتخابات کی سرگرمیاں شروع ہوچکی ہیں۔

شہر کے مختلف علاقوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے جھنڈے، تصاویر اور بینرز تو پہلے ہی دکھائی دینا شروع ہو گئے تھے لیکن اب ان سرگرمیوں میں مزید تیزی آ چکی ہے اور مختلف سیاسی جماعتیں ریلیاں نکال رہی ہیں اور کارنر میٹنگز کر رہی ہیں۔

ان سیاسی جماعتوں میں متحدہ قومی موومنٹ، پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر شامل ہیں۔ آزاد امیدوار بھی شہر میں متحرک نظر آرہے ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کراچی میں ایک روز قبل رینجرز کے چار اہلکاروں کے قتل کے بعد کچھ سیاسی حلقوں نے شہر کی امن و امان کی صورت حال پہ تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دوسری طرف متحدہ قومی موومنٹ نے پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی طرف سے کراچی میں امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے مطالبے کی مذمت کی ہے۔

دریں اثنا ایک روز قبل کراچی کے علاقے اتحاد ٹاون میں چار رینجرز اہلکاروں کے قتل کے بعد رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کر کے درجنوں مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اتوار کو ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں سکیورٹی حکام نے کراچی آپریشن کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG