امریکہ کے صدر براک اوباما نے بریٹ میکگرک کو شام اور عراق میں سرگرم شدت پسند گروپ داعش کے خلاف برسرپیکار اتحاد کے لیے اپنے نئے نمائندہ خصوصی کے طور پر نامزد کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان کے مطابق میکگرک داعش کے خلاف اتحاد کے سربراہ جنرل جان ایلن کے نائب کے طور پر کام کرتے رہے ہیں جب کہ وہ ایک عرصے سے عراق کے لیے وائٹ ہاؤس کے مشیر بھی رہے ہیں۔
جان ایلن 37 سال سے زائد عرصے تک امریکی میرین میں خدمات انجام دینے کے بعد آئندہ ماہ اپے عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔
داعش نے گزشتہ سال عراق اور شام کے ایک وسیع حصے پر قبضہ کر کے وہاں خلافت کا اعلان کیا اور اس انتہا پسند گروپ نے شیعہ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر اقلیتی برادریوں کو قتل و غارت گری اور ایذا رسانیوں کا نشانہ بنایا۔
صدر اوباما داعش کو عالمی امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دے چکے ہیں اور گزشتہ سال ہی امریکہ کی زیرقیادت اتحاد نے عراق اور شام میں اس انتہا پسند گروپ کے خلاف فضائی کارروائیوں کا آغاز بھی کیا۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی طرف سے جاری ایک بیان میں جنرل جان ایلن کی خدمات کو سراہتے ہوئے داعش کے خلاف اتحاد کے قیام اور اس کی سرگرمیوں کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنے میں ان کی کاوشوں کو قابل تعریف قرار دیا گیا۔
بیان میں جان کیری کا کہنا تھا کہ جنرل ایلن کی قیادت میں ان کے نائب بریٹ میکگرک نے بھی انتھک محنت کی اور وہ حکومت اور اتحادی رہنماؤں کو مفید مشورے دیتے رہے ہیں۔
"ہماری حکومت میں بریٹ میکگرک سے بہتر اور کوئی ہیں جو داعش سے درپیش خطرات اور پیچیدگیوں کو اس قدر سمجھتا ہو۔"
جان کیری کا کہنا تھا کہ میکگرک کو ان کی ایسے ہی بھرپور حمایت حاصل رہے گی جیسے ان کے پیشرو جان ایلن کو حاصل تھی۔