رسائی کے لنکس

نائن الیون: بائیڈن کی الاسکا کے فوجی اڈے، نائب صدر کی نیویارک میں تقریبات میں شرکت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ میں پیر کو 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کی 22 ویں برسی منائی جا رہی ہے جب کہ اعلیٰ امریکی قیادت مختلف مقامات پر ان حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں تقریبات میں شریک ہو گی۔

صدر جو بائیڈن شمال مغربی ریاست الاسکا میں ایک فوجی اڈے پر فوجی اہلکاروں، امدادی کارکنوں اور ان کے اہلِ خانہ سے خطاب کریں گے۔

بائیڈن اس تقریب میں بیرونِ ملک دورے کے اختتام پر امریکہ واپسی پر شریک ہو رہے ہیں۔

انہوں نے نئی دہلی میں جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس میں امریکہ کی نمائندگی کی جب کہ ویتنام میں ملکی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

ایسا کم ہی ہوا ہے کہ امریکی صدر نیو یارک، پنسلوینیا یا پینٹاگان میں حادثے کے مقامات پر تقاریب میں خود موجود نہ ہوں۔ لیکن ماضی میں اس قسم کی کچھ مثالیں ملتی ہیں۔

سن 2005 میں اس وقت کے صدر جارج ڈبلیو بش نے وائٹ ہاؤس کے لان میں ایک تقریب منعقد کی جب کہ 2015 میں صدر براک اوباما نے قریبی فورٹ میڈ میں فوج کے کام کے اعزاز میں ایک تقریب میں جانے سے قبل وائٹ ہاؤس میں ایک لمحے کی خاموشی اختیار کی۔

نائن الیون کیس کے دو پاکستانی ملزمان کون ہیں؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:51 0:00

پیر کو نائب صدر کاملا ہیرس نیویارک میں نیشنل میموریل اینڈ میوزیم میں ایک تقریب میں شامل ہوں گی۔

نیویارک شہر میں گیارہ ستمبر 2001 کو القاعدہ کے دہشت گردوں نے دو کمرشل جیٹ طیاروں کو ہائی جیک کرکےبلندوبالا ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے ٹوئن ٹاورز سے ٹکرا دیا تھا جس سے دونوں عمارتیں منہدم ہوگئیں۔

نائب صدر کاملا ہیرس کے شوہر ڈوگ ایمہوف ریاست پنسلوینیا کے شینکس وِل میں ایک یادگار پر پھول چڑھانے کے لیے جانے والے ہیں جہاں ایک اور ہائی جیک ہونے والا طیارہ ایک میدان میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس طیارے کو حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافروں نے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا ۔

دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں خاتون اول جل بائیڈن، وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اور جوائنٹ چیف آف اسٹاف چیئرمین جنرل مارک ملی بھی پینٹاگان نیشنل میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گی۔

22 سال قبل ہونے والے حملوں میں دہشت گردوں نے ہائی جیک کیے گئے طیارے کو امریکی محکمۂ دفاع کی عمارت سے ٹکرایا تھا۔

امریکہ میں نائن الیون کی یاد اور دعا کا ایک وفاقی طور پر تسلیم شدہ قومی دن ہے۔

اس کا مقصد سانحہ کے دن کو متاثرین اور دہشت گردی کے حملوں کے فوری جواب میں خدمات انجام دینے والوں کی یاد میں نیک کام کرنے کے دن میں تبدیل کرنا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG