رسائی کے لنکس

شہزادہ ہیری نے شاہی جوڑے کا راز کھول دیا


شہزادہ ہیری (بائیں) شہزادی کیتھرین اور شہزادہ ولیم
شہزادہ ہیری (بائیں) شہزادی کیتھرین اور شہزادہ ولیم

شہزادہ ہیری ان دنوں چچا بننے کی خوشی میں اسقدر مگن ہیں کہ انھوں نے شاہی جوڑے کے خفیہ راز کو طشت از بام کر دیا ہے۔

جیسے جیسے شہزادی کیتھرین کے ہاں بچے کی ولادت کا وقت قریب آرہا ہےلوگوں میں شاہی جوڑے کے گھر پیدا ہونے والے بچے کی جنس کے بارے میں قیاس آرائیاں بڑھتی جارہی ہیں ۔لیکن شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین نے اب تک آنے والے ننھے مہمان کی جنس کے بارے میں کسی بھی قیاس آرائی پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے ۔
برطانوی اخبار سنڈے مرر نے شہزادے ہیری کے قریبی دوست کے حوالے سے یہ خبر شائع کی ہے کہ شہزادہ ہیری ان دنوں چچا بننے کی خوشی میں اسقدر مگن ہیں کہ انھوں نے شاہی جوڑے کے خفیہ راز کو طشت از بام کر دیا ہے ۔ انھوں نے اپنے دوستوں کو بتایا ہے کہ، ان کے بڑے بھائی ولیم اور بھابھی کیٹ کے گھر ایک لڑکا پیدا ہونے والا ہے۔

28 سالہ شہزادہ ہیری جو شہزادہ چارلس اور شہزادی ڈیانا کے چھوٹے صاحبزادے ہیں ان کا کہنا تھا کہ پورا خاندان اس خبر سے بہت خوش ہے جبکہ شہزادی کیٹ کو شروع سے بیٹے کی خواہش ہے ۔ ان دنوں شاہی جوڑا بچے کے لیے نام تجویز کرنے پر غور کر رہا ہے جس سےشہزادہ ہیری کو لا علم رکھا گیا ہے ۔
شہزادہ ہیری کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ شاہی خاندان کا قریبی حلقہ اس بات سے باخبر ہے اور سبھی ننھے مہمان کا استقبال کرنے کے لیے نیلے رنگ کے تحائف خرید رہے ہیں ۔
شہزادی کیٹ کے گھر بچے کی ولادت جولائی کے وسط تک متوقع ہے اور وہ اگرچہ اس راز کو جولائی تک راز میں ہی رکھنا چاہتی تھیں ۔
لیکن پھرایسا بھی ہوا ہےجب وہ اس راز کو نادانستگی میں اپنے لبوں تک لے آئیں ۔واقعہ کچھ یوں تھا کہ جب مارچ کے مہینے میں وہ گرمسبئی کے دورے پر تھیں توانھوں نے ایک خاتون سے ٹیڈی بیئر وصول کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اسے اپنے ڈا ۔۔۔۔۔۔ کے لیے رکھ لیتی ہیں ۔ خاتون نے جب ان سے استفسار کیا کہ کیا ڈا سے آپ کی مراد ڈاٹر ہے ؟ اس پر شہزادی نے مسکراتے ہوئے نفی میں سر ہلایا تھا اور کہا تھا کہ وہ ابھی تک خود نہیں جانتی ہیں کہ ان کے گھر بیٹا پیدا ہوگا یا بیٹی ۔لیکن پھر بھی بہت سے برطانوی اخبارات اس بات پر بضد نظر آئے کہ شہزادی آنے والے بچے کے بارے میں ایک اشارہ دیا ہے۔
اس خبر کے کچھ ہی دن بعد جب شہزادی کیٹ نے آرمی آفیسرز کی ایک تقریب میں شرکت کی جہاں انھوں نے کچھ بیگمات سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے چند روز قبل ایک' بگابو' پرام ہلکے نیلے رنگ میں خریدی ہے ۔اس جملے نے ایک بار پھر سے لوگوں کو سوچنے پر مجبور کر دیا کہ آخر ملکہ برطانیہ کے گھر پوتا پیدا ہو گا یا پوتی ۔
شہزادی کیٹ کی قربی دوست کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ننھے شاہی مہمان کی نرسری کی تزین و آرائش انتہائی سادہ رکھی گئی ہے۔ان کے لیے یہ بتانا مشکل ہے کہ یہ نرسری کسی لڑکی کے لیے سجائی گئی ہے یا پھر لڑکے کے لیے۔
غرضیکہ برطانوی اخبارات اب تک ان بیانات پر شاہی خاندان کے کسی بھی فرد سے تائید حاصل نہیں کر سکے ہیں لیکن یہ بات طے ہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ اپنے ننھے مہمان کی آمد سے باخبر ہیں تاہم وہ آنے والے ننھے شاہی مہمان کے بارے میں کچھ نہ بتا کر تجسس کی اس فضا کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں ۔
XS
SM
MD
LG