برطانوی ولی عہد شہزادہ ولیم کی اہلیہ شہزادی کیتھرین مڈلٹن اپنے ملکوتی حسن، بے ساختہ مسکراہٹ اور پرکشش سراپے کی وجہ سے نئی نسل کی ہردلعزیز شہزادی ہیں۔
اگرچہ ان کی شادی کو لگ بھگ پانچ برس ہونے کو ہیں اور دو بچوں کی ولادت کے بعد بھی ان کا نازک سراپا ویسا کا ویسا ہی پرکشش ہے۔ ان کی اس خوبصورتی کا راز کیا ہے یہ اب انھوں نے خود انکشاف کر دیا ہے۔
شہزادی کیٹ جو اپنے شوہر شہزادہ ولیم کے ہمراہ ان دنوں بھارت کے شاہی دورے پر ہیں۔ پیر کو نئی دہلی میں ملکہ برطانیہ کی 90 ویں سالگرہ کی ایک ابتدائی تقریب میں شریک ہوئیں تھیں جہاں انھوں نے مہمانوں سے اپنے نازک اندام ہونے کا راز شئیر کیا ہے۔
برطانوی اخبار مرر کے مطابق اس تقریب میں جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کی ایک پروفیسر بلبل دھر جیمز بھی شریک تھیں جن کا کہنا ہے کہ وہ کیٹ مڈلٹن کےخوبصورت سراپے کو دیکھ کر یہ پوچھ بیٹھیں کہ وہ اتنی دبلی پتلی کیسے رہتی ہیں؟
انھوں نے کہا کہ ہم نے یہ بھی پوچھا کہ دو بچے ہونے کے بعد انھوں نے اپنا تمام وزن کیسے کم کر لیا ؟
اور ہمارے سوالوں کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ'' میں اپنے بچوں کے پیچھے بھاگتی ہوں''۔
پروفیسر دھر جیمز نے مزید کہا کہ ہمارا ان سے یہ بھی سوال تھا کہ وہ دورے کی تمام مصروفیات کے دوران اتنی کھلی کھلی کیسے رہتی ہیں؟
اور کیا وہ مسکرا مسکرا کر تھک نہیں جاتی ہیں؟
اس پر ان کا جواب تھا کہ ''یہ میرا ایک جوابی عمل ہوتا ہے کیونکہ یہاں ہر کوئی بےحد پر خلوص ہے''۔
پروفیسر دھر جیمز نے کہا کہ ہم نے شہزادی کیٹ مڈلٹن کو بتایا کہ وہ اپنے تصاویر کے مقابلے میں کہیں زیادہ خوبصورت ہیں۔
پولیٹیکل سائنس کی پروفیسر دھر جیمز نے کہا کہ وہ ایک مہمان کے ساتھ آنجہانی شہزادی ڈیانا کے حوالے سے بھی گفتگو کر رہی تھیں انھوں نے اس موقع پر کہا کہ یہ ''میری بدقسمتی ہے کہ مجھے ان سے ملاقات کرنے کی خوشی حاصل نہیں ہو سکی''۔
برطانوی ہائی کمشنر کی رہائش گاہ پر ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی اس تقریب میں شہزادہ ولیم نے ملکہ برطانیہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ میرے بچوں کے لیے ایک بہترین پردادی ہیں لیکن میرے لیے باس ہیں۔
انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں بے حد خوش قسمت ہوں کہ میری زندگی میں مجھ پر میری دادی کا سایہ سلامت ہے اور اب جبکہ وہ نوے برس کی ہو جائیں گی وہ حیرت انگیز طور پر انتہائی ایک باہمت خاتون ہیں اور اپنے خاندان کے لیے پر عزم رہنما ہیں۔
شہزادہ ولیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ میرے بچوں کو یہ موقع ملا ہے کہ وہ ملکہ کو جان سکیں۔
اور میرے دونوں بچے جارج اور شارلٹ کو جلد یہ معلوم ہو جائے گا کہ ان کی زندگی میں رول ماڈل کے طور پر ان کی پردادی موجود ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہاں موجود ہر ایک شخص کے لیے یہ جاننا ضروی ہے کہ میں یہاں ملکہ برطانیہ کے ایک نمائندے کے طور پر ہوں۔
''وہ میری دادی ضرور ہیں لیکن اس سے بھی زیادہ میری باس ہیں''۔
اس موقع پر انھوں نے ملکہ برطانیہ کا ایک پیغام پڑھ کر سنایا جس میں ملکہ برطانیہ کوئین الزبتھ نے اپنے آخری دورہ بھارت کی یادوں کا ذکر کیا تھا۔
اس تقریب سے قبل شاہی جوڑا پیر کو بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی پہنچا اور وہاں رسمی مصروفیات میں دن گزارا۔
شاہی جوڑے نے بھارت کے بانی مہاتما گاندھی میوزیم کا دورہ کیا اور ان کی یاد میں منائی جانے والی ایک تقریب میں شرکت کی اور ملک کی آزادی کے رہنما کو 1948ء میں جس جگہ ہلاک کیا گیا تھا اس جگہ پر گلاب کے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے پہلی جنگ عظیم کی جنگی یادگار 'بھارت گیٹ 'پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
اس سے قبل انھوں نے ممبئی میں آج صبح برطانوی حکومت کے ایک منصوبے کے فروغ کے سلسلے میں بھارت کے نوجوان کاروباری افراد سے ملاقاتیں کیں تھیں۔