بھارت کو نیا کرکٹ اسٹار مل گیا، نوجوان کرکٹر پرتھوی پنکج شا اپنے کیریئر کے پہلے ہی ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے بھارت کے کم عمر ترین بیٹسمین بن گئے۔
18 سالہ پرتھوی شا ویسٹ انڈیز کے خلاف راج کوٹ کے میدان میں پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز 134 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے اور صرف 99 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے سنچری اسکور کی جو شیکھر دھون (85) اور ڈیوائن اسمتھ (93) کے بعد ڈیبیو ٹیسٹ میں تیسری تیز ترین سنچری ہے۔
صرف یہی نہیں پرتھوی شا نے اور بھی کئی ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں۔ پرتھوی شا اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے دنیا کے چوتھے کم عمر ترین کرکٹر ہیں۔
ان سے قبل بنگلادیش کے محمد اشرفل (17 سال 61 دن)، زمبابوے کے ہملٹن مساکادزا (17 سال 352 دن) اور پاکستان کے سلیم ملک (18 سال 323دن)یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
پرتھوی شا دنیا کے تیسرے بیٹسمین ہیں جنہوں نے فرسٹ کلاس ڈیبیو اور ٹیسٹ ڈبیو میں سنچری اسکور کی ہے۔
اس سے پہلے بھارت کے گنڈاپا وشواناتھ اور آسٹریلیا کے ڈرک ویلہم بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ وریندر سہواگ نے بھی پہلے ہی ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس میچ میں سنچری بنائی تھی۔ لیکن، یہ اُن کا دوسرا فرسٹ کلاس میچ تھا۔
لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے ٹویئٹر پیغام میں پرتھوی شا کی اننگز کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’’پہلے ہی میچ میں اتنی خوبصورت اٹیکنگ اننگز دیکھ کر اچھا لگا۔ اسی طرح بے خوف ہو کر بیٹنگ کرتے رہو۔‘‘
انگلینڈ کے سابق کرکٹر مائیکل وان نے پرتھوی شا کو کچھ یوں خراج تحسین پیش کیا: ’’لگتا ہے بھارت کو ایک اور سپر اسٹار مل گیا، جو منظر عام پر آگیا ہے‘‘۔
بھارتی اوپنر روہت شرما، اسپنر ہربجن سنگھ، سابق بیٹسمین سنجے منجریکر، وی وی ایس لکشمن نے بھی اپنے پیغامات میں پرتھوی شا کی بیٹنگ کی تعریف کی ہے۔