رسائی کے لنکس

پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی پہلی کامیابی


محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ حفیظ مسلسل دوسرے میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بھی کوئی رن نہیں بنا سکے تھے۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ ایون مورگن نے ناقابل شکست7 رنز بنائے۔ دو میچ کھیلنے کے بعد ایونٹ میں زلمی کی یہ پہلی کامیابی ہے۔

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جسے بولرز نے درست ثابت کیا اور پہلے ہی اوور میں شاہ زیب حسن کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ بابر اعظم صرف ایک رن بنا سکے، جبکہ کرس گیل 2 اور کپتان کمار سنگاکارا 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کے چار ٹاپ آرڈر بیٹسمین صرف 12 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے اور کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فگر میں اسکور نہیں کر سکا۔

شعیب ملک اور روی بوپارا نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 59 رنز بنا کر وکٹیں گرنے کے سلسلے کو روکا۔ اس موقع پر روی بوپارہ 33 رنز بنا کر شعیب ملک کا ساتھ چھوڑ گئے۔ لیکن، شعیب ملک بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 36 گیندوں پر 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ پولارڈ نے 27 رنز بنائے۔ اس طرح کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 118 رنز ہی بناسکی۔

پشاور زلمی کی جانب سے محمد حفیظ اور وہاب ریاض نے دو، دو جبکہ حسن علی، کرس جورڈن اور محمد اصغر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

119 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا۔ محمد حفیظ بغیرکوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

حفیظ مسلسل دوسرے میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بھی کوئی رن نہیں بنا سکے تھے۔

پہلے میچ میں شاندار 88 رنز بنانے والے کامران اکمل آج کھاتہ بھی نہ کھول سکے اور سہیل خان کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے۔ صرف دو رن پر زلمی کے دو کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

ڈیوڈ ملان اور ایون مورگن نے رنز بنانے کی ذمہ داری سنبھالی اور اسکور 48 رنز تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر بابر اعظم نے شاندار کیچ پکڑ کر ملان کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ ملان نے 2 رنز بنائے۔

پشاور زلمی نے 18 اعشاریہ 3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی ہدف حاصل کر لیا۔

ایون مورگن کو ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا، مورگن نے پشاور زلمی کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایک، ایک میچ کھیل کر دو، دو پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں، جبکہ پشاور زلمی کے بھی دو پوائنٹس ہیں۔ لیکن، اس نے دو میچز کھیلے ہیں۔

ایونٹ میں ہفتے کو بھی دو میچز کھیلے جائیں گے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہوگا، جبکہ دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG