پاکستان سپر لیگ سیزن فور کا ایک اور مرحلہ مکمل ہوگیا۔ تمام ٹیموں نے شارجہ میں اپنے میچز کھیل لئے اب کل یعنی 26 فروری سے دبئی میں دوبارہ میدان سجے گا۔
ایونٹ کے دو مرحلوں میں اب تک 15 میچز ہوچکے ہیں جن میں تمام چھ ٹیموں نے پانچ، پانچ میچ کھیلے ہیں ۔ پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چار میچ جیت کر 8 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔
کوئٹہ صرف ایک میچ میں شکست
کوئٹہ کی ٹیم اپنا واحد میچ کراچی کنگز سے ہاری ہے جس میں کولن انگرام نے پی ایس ایل کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 127 رنز ناٹ آؤٹ بنایا۔
پی ایس ایل میں یہ چوتھی سنچری ہے، اب تک شرجیل خان (117)، کامران اکمل (104) ،کامران اکمل (107ناٹ آؤٹ) اور کولن انگرام (127ناٹ آؤٹ) سنچریاں بناچکے ہیں۔
دیگر ٹیموں میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے 6،6 کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے 4، 4 جبکہ ملتان سلطانز کے 2 پوائنٹس ہیں۔
سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے عمر اکمل سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔ انہوں نے 10چھکوں اور 14 چوکوں کے ساتھ 137 اسٹرائیک ریٹ سے مجموعی طور پر 200 رنز بنائے ہیں۔ اُن کا بہترین اسکور 75ناٹ آؤٹ ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہی کے شین واٹسن136 اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 186رنز بناکر دوسرے نمبر پرجبکہ کراچی کنگز کے کولن انگرام 170رنز اسکور کرکے تیسرے نمبر پر ہیں، ان کا اسٹرائیک ریٹ 179 ہے۔
سب سے زیادہ چھکے کس نے لگائے ؟
اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی نے سب سے زیادہ 11 جبکہ پشاور زلمی کے کائرون پولاڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے عمر اکمل مشترکہ طور پر 10،10 چھکے لگا کر دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ ایک اننگز میں سب سے زیادہ 8 چھکے کولن انگرام نے لگائے ہیں۔
حسن علی بالرز میں سب سے آگے
بولرز میں پشاور زلمی کے حسن علی15 وکٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں، ان کا اکانومی ریٹ 5اعشاریہ 3 ہے جبکہ وہ تین مرتبہ ایک اننگز میں چار وکٹیں لے چکے ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سہیل تنویر اور لاہور قلندرز کے راحت علی 9،9 وکٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ لاہور قلندر زکے حارث رؤف، پشاور زلمی کے وہاب ریاض اور ملتان سلطانز کے جنید خان 8،8 وکٹیں لے کر مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں۔
کسی بھی اننگز میں بہترین بولنگ حسن علی کی 15رنز کے عوض 4 وکٹیں ہے، ایونٹ میں اب تک کوئی بھی بولر ایک اننگز میں پانچ وکٹ نہیں لے سکا ہے۔
سب سے بڑی پارٹنر شپ
پی ایس ایل فور میں اب تک سب سے بڑی شراکت کراچی کنگز کے لیونگ اسٹون اور بابر اعظم کی ہے، دونوں بیٹسمینوں نے ملتان سلطانزکے خلاف 157 رنز بنائے تھے۔
سب سے بہترین اسکور
کسی بھی ٹیم کا بہترین اسکور لاہور قلندرز کا 4 وکٹوں پر 204 رنز ہے، جو اس نے ملتان سلطانز کے 200 رنز کے جواب میں بناکر میچ اپنے نام کیا تھا۔