پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی اور متنازع ٹی وی اینکر پرسن ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے تیسری شادی کر لی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں ڈاکٹر عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ انہوں نے بدھ کی شب سیدہ دانیہ شاہ نامی خاتون سے شادی کی ہے۔
عامر لیاقت کا یہ اعلان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز ہی ان کی دوسری اہلیہ طوبیٰ انور نے ان سے خلع لینے کا باضابطہ طور پر اعلان کیا تھا۔
انچاس سال کے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنی تیسری شادی سے متعلق بتایا ہے کہ ان کی نئی اہلیہ کی عمر 18 برس ہے اور وہ جنوبی پنجاب میں لودھراں کے ایک سادات خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔
اپنی تیسری اہلیہ کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ انتہائی سادہ اور دلکش ہیں۔
اپنے مداحوں سے ان کا کہنا تھا کہ وہ ان کے لیے دعا کریں۔ وہ حال ہی میں ایک تاریک سرنگ سے گزر کر آئے ہیں کیوں کہ وہ ایک غلط فیصلہ تھا۔
کچھ دن قبل ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے سوشل میڈیا پر دانیہ شاہ کی ایک ویڈیو شیئر کی تھی اور اس کے ساتھ لکھا تھا کہ بس کچھ دن باقی ہیں۔
خیال رہے کہ عامر لیاقت کی دوسری اہلیہ سیدہ طوبیٰ نے بدھ کو سوشل میڈیاپر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ مفاہمت کی کوئی راہ نہ ہونے کے بعد انہوں نے خلع لی ہے۔
طوبیٰ کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان کے لوگ اور قریبی افراد واقف تھے کہ وہ گزشتہ 14 ماہ سے اس معاملے سے نمٹ رہی تھیں۔
طوبیٰ کے مطابق ان کے لیے یہ بتانا مشکل ہے کہ یہ سب کس قدر مشکل تھا۔ البتہ انہیں امید ہے کہ ان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین 28 سالہ طوبیٰ عامر سے 2018 میں شادی کی تھی۔
ڈاکٹر عامر لیاقت کی دوسری شادی کے بعد ان کی پہلی اہلیہ سیدہ بشریٰ اقبال نے بھی سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ ان کے سابقہ شوہر عامر لیاقت ان کو طلاق دے چکے ہیں اور ایسا انہوں نے طوبیٰ کی درخواست پر کیا تھا جو ان کے اور بچوں کے لیے شدید تکلیف دہ امر تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس بھی ایک خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے شادی ہو ئی ہے۔ بعد ازاں عامر لیاقت نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں اس کی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ ان کی اہلیہ صرف طوبیٰ ہیں۔
گزشتہ برس جون میں بھی ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ڈاکٹر عامر لیاقت اور سیدہ طوبیٰ انور کے درمیان علیحدگی ہو چکی ہے البتہ اس وقت بھی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ایک ویڈیو جاری کی تھی اور کہا تھا کہ "سب بکواس ہے۔"
واضح رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین تحریک انصاف سے قبل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) میں تھے۔ اگست 2016 میں اس جماعت کے بانی الطاف حسین کے کراچی میں ایک متنازع ٹیلیفونک خطاب کے بعد انہوں نے ایم کیو ایم سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
بعد ازاں 2018 کے انتخابات میں وہ تحریکِ انصاف کے ٹکٹ پر کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
ڈاکٹر عامر لیاقت حسین مختلف ٹی وی چینلز شوز کی میزبانی بھی کرتے رہے ہیں البتہ ان کے ٹی وی شوز بھی تنازعات کا شکار رہے ہیں۔ ان کے شوز پر بعض اوقات عدالتیں پابندیاں بھی عائد کرتی رہی ہیں جب کہ ان کے پروگرامات کے مواد پر بھی سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر گزشتہ شب سے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے طوبی انور کی علیحدگی ٹرینڈنگ میں تھی البتہ ان کی تیسری شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد عامر لیاقت حسین ٹاپ ٹرینڈ ہے اور سوشل میڈیا صارفین اس حوالے سے اپنی آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔ بعض صارفین ان کی تیسری اہلیہ کی ٹک ٹاک ویڈیوز بھی شیئر کر رہے ہیں۔
خود عامر لیاقت حسین نے بھی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا ہے کہ ان تیسری شادی کیا ہوئی گویاآسٹریلیا کے جنگلات میں آگ لگ گئی ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افواہوں ، بدگمانیوں، غیبتوں اور حسد کے شعلے بھڑک رہے ہیں۔ کچھ پہلی کے بعد دوسری شادی کیسے کریں؟ یہ سوچ کر تڑپ رہے ہیں۔