رسائی کے لنکس

مشاق اور جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خرید میں قطر کی دلچسپی


پاکستان کے قطر کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات ہیں اور اسلام آباد نے دوحہ سے مائع گیس برآمد کرنے کا بھی ایک معاہدہ کر رکھا ہے۔

قطر نے پاکستان سے سپر مشاق تربیتی طیارے اور جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے خریدنے کے ساتھ ساتھ مختلف دفاعی شعبوں میں باہمی تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

ان معاملات پر بات چیت قطر کے وزیر دفاع خالد بن محمد العطیہ نےجمعرات کو پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سے ایک ملاقات میں کہی۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں قطری وزیر دفاع کے حوالے سے بتایا گیا کہ قطر پاکستان سے سپر مشاق اور جے ایف تھنڈر طیارے خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان، ترکی اور قطر فوجی سازوسامان بنانے کے مشترکہ منصوبوں پر بھی کام کر سکتے ہیں۔

پاکستان کے قطر کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات ہیں اور اسلام آباد نے دوحہ سے مائع گیس برآمد کرنے کا بھی ایک معاہدہ کر رکھا ہے۔

پاکستان کے سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارت سمیت مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کے ساتھ روایتی طور پر نہ صرف سفارتی، اقتصادی بلکہ دفاعی شعبوں میں بھی نہایت قریب تعلقات ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورت حال کی وجہ سے اس خطے بہت سے ممالک پاکستان کے ساتھ اپنے دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہش مند ہیں۔

دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) سعد محمد نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ قطر جیسے ملک پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں مزید تعاون کو فروغ دینے کی خواہش مند ہیں۔

"قطر کہیں سے بھی خریداری کر سکتا ہے لیکن کہ اگر وہ پاکستان سے خریداری کریں تو اس طرح پاکستان بھی ممنون ہو گا اور مستقبل میں پاکستان ان کے ساتھ مزید تعاون کرے گا اور اگر دفاع میں کوئی مدد کی ضرورت ہو گی تو وہ بھی کرے گا۔"

سعد محمد نے کہا کہ کے مشاق طیارہ تربیت دینے کے لیے مناسب ہے جب کہ جے ایف تھنڈر بھی فضائی لڑاکا آپریشن کے لیے مفید ہیں اور ان کے بقول ان طیاروں میں قطر کی دلچسپی کی وجہ بھی یہی ہو سکتی ہے۔

"ابتدائی تربیت جو ہوتی ہے وہ مشاق پر ہوتی ہے تو وہ اسے استعمال کر سکتے ہیں اور اسی طرح جے ایف تھنڈر17 ایک ایسا جہاز ہے جس میں کافی قابلیت ہے اور قیمت اس کیٹگری کے جہازوں کے مقابلے میں کافی کم ہے ۔۔۔اور یہ زمینی اہداف کو نشانہ بنانے میں کارآمد ہو سکتا ہے۔"

جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے پاکستان اور چین کے اشتراک سے تیار کیے جا رہے ہیں اور یہ پاکستان کے فضائی بیڑے میں بھی شامل ہے۔

قطر سے پہلے نائیجیریا اور آذربائیجان سمیت کئی دیگر ملک بھی یہ طیارے خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG