برطانیہ کی تاریخ میں طویل ترین عرصے تک حکومت کرنے والی دوسری شخصیت ملکہ الزبتھ دوئم کے اقتدار کو ساٹھ سال پورے ہو رہے ہیں۔ اس یادگار موقع کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے ان دنوں برطانیہ سمیت دنیا بھر میں انتہائی شاندار اور پر وقار تقریبات منائی جا رہی ہیں جن میں ملکہ کے ساتھ ساتھ شاہی خاندان کے تمام افراد بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
ملکہ کا جنم بطور شہزادی ’ایلزبتھ آف یارک ‘21 اپریل 1926ء کو لندن کے علاقے مے فیئر کی برٹن اسٹریٹ میں ہوا ۔ وہ ڈیوک اینڈ ڈچز آف یارک کی پہلی اولاد تھیں۔ ان کا پورا نام ’ایلزبتھ الیگزنڈرا میری‘ ہے۔ملکہ نے اپنی زندگی کے ابتدائی ایام لندن میں گزارے۔ ان کی پڑھائی شاہی محل میں ہی ہوئی اور وہ انگریزی کے ساتھ ساتھ فرانسیسی زبان پر بھی مہارت رکھتی ہیں۔ ملکہ نے تاریخ، قانون اور موسیقی کی با قاعدہ تعلیم حاصل کی ہے۔
رسم تاج پوشی
ملکہ کی رسمِ تاج پوشی 2 جون1953 ء کو ویسٹ منسٹر اے بے میں ہوئی ۔اس روز شدید بارش ہورہی تھی لیکن اس کے باوجود سڑکوں پرعوام کا ہجوم شاہی جلوس کو دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں جمع تھا۔ ملکہ کی درخواست پر پہلی مرتبہ رسمِ تاج پوشی ٹیلی ویژن سے براہ راست ٹیلی کاسٹ اور ریڈیو سے نشر کی گئی۔
سلور جوبلی
سن 1970ء میں ملکہ کی سلور جوبلی کے موقع پر برطانیہ اور دولت مشترکہ کے رکن ممالک میں مختلف تقریبات منعقد کی گئیں۔ سلور جوبلی کے جشن کی سرکاری تقریبات موسمِ گرما میں منعقد ہوئیں۔ ایک اندازے کے مطابق پچاس لاکھ افراد نے ٹی وی پر یہ تقریبات دیکھیں ۔اس روز یعنی7 جون 1970ء کو لندن میں ’دی مال‘ پر تل دھرنے کو جگہ نہ تھی۔ ہر جانب تہوار کا ماحول تھا اور صرف لندن میں اس موقع پر چار ہزار اسٹریٹ پارٹیاں منعقد ہوئیں۔
گولڈن جوبلی اور ڈائمنڈ جوبلی تقریبات
ملکہ ایلزبتھ کی تاج پوشی کی گولڈن جوبلی سن 2002ء میں منائی گئی جبکہ رواں سال 2012 ملکہ الزبتھ کی ڈائمنڈ جوبلی کا سال ہے۔ ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔جس میں صرف شاہی خاندان کے ارکان ہی نہیں بلکہ عام لوگ بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔یادگاری سکوں کے اجرا سے لیکر شاہی خاندان کے افراد کے بیرون ملک دوروں اوردیگر رنگا رنگ پروگرامز ڈائمنڈ جوبلی کے جشن کا حصہ ہیں۔
پچیس ہزار سے زائد پارٹیاں ۔۔۔!
گو کہ برطانیہ ایک جمہوری ملک ہے لیکن وہاں کے عوام اب بھی شاہی خاندان کے افراد سے بہت محبت کرتے ہیں اور ان کی خوشیاں اورغم عوامی سطح پر مناتے ہیں۔ ملکہ کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے بارے میں بھی لوگ پرجوش ہیں۔اس موقع پر پچیس ہزار سے بھی زائد اسٹریٹ پارٹیاں متوقع ہیں۔
78 طیاروں کے ذریعے سلامی پریڈ
دو،تین ، چار اور پانچ جون وہ تاریخیں ہیں جن میں برطانیہ بھر میں باقاعدہ طور پر ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات کا اہتما م کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ملکہ ایلزبتھ نے بیس مارچ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔19مئی کوملکہ کو سلامی پیش کرنے کے لئے رائل نیوی، آرمی اور ائیر فورس کے پچیس سو دستوں نے ونڈسرکیسل کے وسیع میدان میں پریڈ کی ۔رائل آرمی کے چھ بینڈ دلکش دھنیں بکھیرنے کے لئے موجود تھے۔
ملکہ کو فضائیہ کی طرف سے خراج تحسین پیش کرنے کے لئے فلائی پاسٹ کی گیا جس میں 78 طیاروں نے حصہ لیا ۔ا ن میں سے کچھ طیارے جنگ عظیم دوئم میں استعمال کئے گئے تھے۔ان طیاروں نے سرخ ،سفید اور نیلے رنگوں کے دھوئیں سے آسمان پربرطانوی پرچم بناکر دیکھنے والوں کے لئے دلکش منظر تخلیق کیا اورخوب داد سمیٹی۔
اور یہ تو ہو ہی نہیں سکتا کہ اتنے اہم اور یادگار موقع پر ملکہ یالزبتھ کے مومی مجسمے کو ایک بار پھر نئے انداز میں مادام تساوٴ کے مومی عجائب گھر کی زینت نہ بنایا جائے۔ویسے تو ملکہ کے کئی مومی مجسمے میوزیم کے گوشے میں موجود ہیں لیکن ڈائمنڈ جوبلی کے لئے خصوصی مومی مجسمہ تیار کیا گیا ہے۔
چار مہینے کی مدت میں بیس ماہرین کی ٹیم نے ڈیڑھ لاکھ پاوٴنڈز کی لاگت سے جو مجسمہ تیار کیا وہ حقیقت سے اتنا قریب ہے کہ دیکھنے والوں کو پلٹ کردیکھنے پر مجبور کرتا ہے۔مجسمے کی تیاری میں ملکہ کے ڈریس ڈیزائنر اور ہیئر اسٹائلسٹ کی خدمات بھی حاصل کی گئی تھیں۔
ایک ہزار کشتیوں کا کارواں
تین جون کودریائے ٹیمز میں ایک ہزار کشتیوں کا کارواں دریا کی لہروں پر رواں دکھائی دے گااور اس کی قیادت خود ملکہ کریں گی۔چار جون کو برطانیہ بھر اور دولت مشترکہ کے ممالک میں ہزاروں مشعل روشن کر کے ملکہ یالزبتھ کی تاجپوشی کے ساٹھ سال مکمل ہونے کا جشن منایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1