افغانستان کے سابق صدر برہان الدین ربانی کو اس افغان امن کونسل کا سربراہ منتخب کر لیا گیا ہے جو افغانستان میں عسکریت پسندوں کے ساتھ بات چیت کے لئے بنائی گئی ہے۔
اتوار کو ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر کو کونسل کی سربراہی کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔افغان صدر حامد کرزئی نے یہ کونسل جون میں کابل میں ہونے والی امن کانفرنس کے بعد تشکیل دی گئی تھی جس میں طالبان کے ساتھ بات چیت کے منصوبے کی منظوری دی گئی تھی۔
برہان الدین ربانی اسی کی دہائی میں ایک سرکردہ مجاہدین جماعت کے سبربراہ تھے جس نے افغانستان میں سویت یونین کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا تھا ۔ وہ بعد میں افغانستان کے عبوری صدر بھی رہے۔
امن کونسل اسی ہفتے کے دوران باقاعدہ طور پر اپنا کام شروع کر دے گی۔ طالبان ابھی تک یہ کہتے آ رہے ہیں کہ وہ اس وقت تک امن کے لئے کسی قسم کی بات چیت میں شریک نہیں ہونگے جب تک ملک سے بیرونی افواج نکل نہیں جاتیں ۔