رسائی کے لنکس

راحت فتح علی کی لائیو پرفارمنس، حاضرین کی ریکارڈ توڑ تعداد


بقول راحت، ’لندن میں پرفارمنس کے دوران، مجھے جو رسپانس ملا اسے بھول پانا میرے لئے نا ممکن ہے، وہ لمحے ہمیشہ کے لئے میری یادوں میں قید ہوگئے ہیں۔۔ لوگوں کی شرکت نے 20 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، ہال میں تل دھرنے کو جگہ نہ بچی تھی‘

کراچی ۔۔۔۔ راحت فتح علی خان پاکستان کے ’پائیڈ پائپر‘ ہیں۔۔۔جادوگر ہیں۔۔ ان کی آواز میں وہ سحر ہے جو سنتا ہے گویا انہی کے پیچھے پیچھے بے خود ہوکرچل پڑتا ہے۔ بالی ووڈ انڈسٹری ان کے ’گن‘ گاتی ہے اور پوری دنیا ان کے ’ُسر‘ دہراتی ہے۔

لندن کے ’ویمبلے ایرینا‘کے بارے میں تو آپ نے سنا ہی ہوگا۔۔یہ وہ ہال ہے جہاں دنیا کا ہر فنکار پرفارم کرنے کی آرزو کرتا ہے۔ یہ بہت بڑا حال ہے جہاں ایک وقت میں ہزاروں لوگوں کی نظریں فنکار پر جمی ہوتی ہیں۔۔۔اس شاندار انداز سے یہاں پرفارمنس دی جاتی ہے کہ خود پرفارمر ساری زندگی اس لمحے کو نہیں بھولتا۔

کچھ ہی عرصہ پہلے ہندی فلموں کے متعدد بڑے فنکاروں مثلا ًسوناکشی سنہا، میکا سنگھ اور جیکولین فرنینڈس نے بھی ’ویمبلے‘ میں پرفارم کیا۔ آرزو یہ تھی کہ ہال کھچاکھچ بھرا ہو، لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔

لیکن، گزشتہ دنوں جب اسی حال میں ’پاکستان‘ کا نام پکارا گیا تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔۔۔اور جب راحت فتح علی خان کو پرفارمنس کے لئے بلایا گیا تو ہال میں موجود ہر شخص اپنی جگہ سے اٹھ کھڑا ہوا اور اس قدر تالیوں اور جوش و جذبے سے ان کا استقبال کیا گیا کہ پوری محفل جھوم اٹھی۔ کیا پاکستانی۔۔اور۔۔۔کیا بھارتی ۔۔سب کے چہرے خوشی سے دمک اٹھے تھے۔

راحت کے منیجر سلمان احمد نے ’وائس آف امریکہ‘ کو لندن سے فون پر اس لائیو پرفارمنس کے بارے میں مزید بتایا:

’راحت پر دوہری ذمے داری عائد تھی، انہیں پاکستانیوں کے دل تو موہنے ہی تھے۔۔۔ بھارتی فینز کو بھی اپنا اور دیوانہ بنانا تھا۔ پھر اس شاندار شام میں وہ اپنے استاد نصرت فتح علی خان کو بھول جاتے یہ بھلا کس طرح ممکن تھا۔ لہذا راحت نے نصرت فتح علی کی گائی ہوئی قوالیاں اور غزلیں اپنی آواز میں پیش کیں تو سب پر گویا ایک سحر طاری ہوگیا۔‘

’پھر جب راحت نے ‘سریلی انکھیوں والے‘، ’تیری میری کہانی‘، ’تیرے مست مست دو نین‘، ’تیرے نیناں بڑے دغا باز رے‘ اور البم سونگ ‘ضروری تھا‘ پیش کیا تو لوگوں کا بس نہیں چلا ورنہ وہ خوشی سے دیوانے ہوجاتے۔‘

راحت فتح علی بھی لوگوں کی اپنے فن سے جڑی اس منفرد دلچسپی کو محسوس کئے بغیر نہ رہ سکے۔ ان کا کہنا ہے ’ویمبلے میں پرفارمنس کے دوران مجھے جو زبردست اور ناقابل بیان رسپانس ملا اسے بھول پانا میرے لئے ناممکن ہے۔ وہ لمحے ہمیشہ کے لئے میری یادوں میں قید ہوگئے ہیں۔۔اس پرفارمنس میں لوگوں کی اتنی بڑی تعداد تھی کہ، بقول ویمبلے، انتظامیہ ’20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، ہال میں تل دھرنے کو جگہ نہ بچی تھی۔‘

XS
SM
MD
LG