رسائی کے لنکس

بھارت میرا دوسرا گھر ہے، یہیں سے شہرت و عزت ملی: راحت


’ضروری تھا۔۔‘ بالی وڈ میں بہت مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ اس کا کریڈٹ بھٹ خاندان کو جاتا ہے جسے انہوں نے میری البم ’بیک ٹو لو‘ سے نکال کر اپنی فلم ’ہماری ادھوری کہانی‘ کا حصہ بنایا۔ میں نے پوجا بھٹ کی فلم ’پاپ‘ میں ’من کی لگن‘ گا کر بالی وڈ میں کیریئر کا آغاز کیا تھا

راحت فتح علی خان نے کہا ہے کہ بھارت ان کا دوسرا گھر ہے، یہاں سے انہیں پیار، شہرت اور عزت ملی۔’البم ’بیک ٹو لو‘ میں شامل میرا گانا ’ضروری تھا۔۔‘ بہت مقبول ہوا۔ لیکن اس کا کریڈیٹ مہیش بھٹ کو جاتا ہے جنہوں نے اپنی فلم ’ہماری ادھوری کہانی‘ میں اسے شامل کرکے مزید شہرت بخشی۔

چار سال بعد بھارت پہنچنے کے موقع پر انہوں نے وائس آف امریکہ کو بتایا ’موسیقی اور کھیل دو ایسے شعبے ہیں جن سے پاکستان و بھارت کے تعلقات کو مضبوط کیا جاسکتا ہے، انہیں مزید وسعت دی جاسکتی ہے۔ اسی خیال کے پیش نظر میں دوسری اننگز کھیلنے بھارت آیا ہوں۔ بھارت میرا دوسرا گھر ہے۔ یہاں مجھے بہت پیار، شہرت اورعزت ملی۔ یہاں آ کر ہمیشہ خوشی محسوس ہوتی ہے۔ یہاں میرے بہت سے دوست ہیں۔‘

راحت کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، مگر کچھ عناصر دونوں ملکوں کے تعلقات کو پھلتے پھولتے نہیں دیکھنا چاہتے۔ وہ باہمی تعلقات کو لگام ڈالنا چاہتے ہیں جو سرا سر غلط ہے۔ ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ انگنت پاکستانیوں کے رشتے دار بھارت میں رہتے ہیں اور اسی طرح بھارتیوں کے بے شمار رشتے دار پاکستان میں رہتے ہیں، دونوں ایک دوسرے کے یہاں ملنے آتے جاتے رہتے ہیں۔‘

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا ’ضروری تھا۔۔‘ بالی وڈ میں بہت مقبولیت حاصل کررہا ہے۔ اس کا کریڈٹ بھٹ خاندان کوجاتا ہے جسے انہوں نے میری البم ’بیک ٹو لو‘ سے نکال کر اپنی فلم ’ہماری ادھوری کہانی‘ کا حصہ بنایا۔ میں نے پوجا بھٹ کی فلم ’پاپ‘ میں ’من کی لگن‘ گا کر بالی وڈ میں کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ جان ابراہم اور ادیتیہ گوسوامی پر پکچرائز ہونے والے اس گانے نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنائے۔ اس وقت سے اب تک بھٹ خاندان کے ساتھ میرے انتہائی خوشگوار تعلقات ہیں۔‘

راحت نے اپنے فینز کو خوشخبری دیتے ہوئے بتایا کہ وہ نئے البم پرکام کر رہے ہیں جو رواں سال کے آخر میں ریلیز ہوگا۔ نئے البم میں 70فیصد گانے پنجابی ہیں۔ تاہم، البم کا نام رکھنا ابھی باقی ہے۔

XS
SM
MD
LG