رسائی کے لنکس

پاکستان میں رمضان کا چاند نظر آگیا، ہفتے کو پہلا روزہ ہوگا


پاکستان میں رمضان کا چاند نظر آگیا ہے
پاکستان میں رمضان کا چاند نظر آگیا ہے
پاکستان میں رمضان کا چاند نظر آگیا ہے ۔ کل یعنی ہفتہ 21 جولائی کو پہلا روزہ ہوگا۔ اس بات کا باقاعدہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے کراچی میں کیا۔ رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے جمعہ کی شام مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے دفتر کراچی میں منعقد ہوا جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو محکمہ موسمیات اور سپارکو کے ماہرین کی معاونت بھی حاصل تھی۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی صوبہ سندھ اور بلوچستان میں چاند نظر آنے کا امکان ظاہر کردیاتھا۔

ادھر پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کی جانب سے کراچی سمیت ملک بھر میں سیکورٹی پلان ترتیب دیئے جاچکے ہیں۔ خصوصاً کراچی میں سیکورٹی کے حوالے سے سخت ترین انتظام کئے گئے ہیں۔ مشیر داخلہ رحمن ملک کا کہنا ہے کہ رمضان میں کراچی سے پرچی اور بھتہ مافیا ختم کردیں گے۔

ایس ایس پی ساوتھ کراچی آصف شیخ کا کہنا ہے کہ کراچی میں رمضان میں سیکورٹی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں البتہ ہر سڑک پر پر پولیس تعینات نہیں کی جاسکتی۔ پولیس رمضان میں شہر کو ہرطریقے سے پر امن بنانے کی کوششیں جاری رکھے گی۔

دوسری جانب سعودی عرب اور دیگر خلیجی ریاستوں میں جمعہ کو پہلا روزہ تھاجبکہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں بھی بعض مقامات پر آج روزہ رکھا گیا۔ سعودی عرب میں گزشتہ روز عدالت عظمیٰ کی جانب سے رمضان المبارک کے چاند نظر آنے کا اعلان کیاگیا جس کے بعد پہلی تراویح ادا کی گئی۔

خلیجی ریاستوں متحدہ عرب امارات اور مشرق وسطیٰ ،کویت، یمن، قطر اور مصر میں بھی آج پہلا روزہ تھا۔پاکستان میں فاٹا کے بعض مقامی علماء نے سعودی عرب کے ساتھ روزہ رکھنے کا اعلان کیا تھا جس کے باعث شمالی و جنوبی وزیرستان، باجوڑ، مہمند اور خیبر ایجنسی کے بعض علاقوں میں آج پہلا روزہ رکھا گیا۔ پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین نے بھی جمعہ کوپہلا روزہ رکھا۔
XS
SM
MD
LG