رسائی کے لنکس

امریکہ کی 40 ریاستیں شدید سردی کی لپیٹ میں؛ نو افراد ہلاک


پوٹومک دریا، واشنگٹن مونومنٹ
پوٹومک دریا، واشنگٹن مونومنٹ

ایک ٹوئیٹ میں ادارے نے کہا ہے کہ ’’آرکٹک سے چلنے والی ہواؤں کے نتیجے میں عام درجہٴ حرارت نکتہٴ انجماد سے بہت نیچے گر جائے گا، جس کے باعث آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے وسطی اور مشرقی علاقے میں خطرناک قسم کی سرد ہوائیں چلیں گی‘‘

حالیہ ہفتوں کے دوران، امریکہ سخت سردی کی لپیٹ میں رہا ہے۔ موسم سرما کی شدت کے نتیجے میں اب تک کم از کم نو افراد ہلاک ہوچکے ہیں؛ جب کہ موسم میں مزید شدت آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

موسمیات کے قومی ادارے نے منگل کے روز 40 امریکی ریاستوں میں یخ بستہ ہوائیں چلنے اور سردی میں مزید اضافے کا انتباہ جاری کیا ہے۔

ایک ٹوئیٹ میں ادارے نے کہا ہے کہ ’’آرکٹک سے چلنے والی ہواؤں کے نتیجے میں عام درجہٴ حرارت نکتہٴ انجماد سے بہت نیچے گر جائے گا، جس کے باعث آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے وسطی اور مشرقی علاقے میں خطرناک قسم کی سرد ہوائیں چلیں گی‘‘۔

وہ ریاستیں جہاں روایتی طور پر نسبتاً کم سردی پڑتی ہے، جن میں ٹیکساس، لوزیانہ، مسی سیپی اور الاباما شامل ہیں، وہاں بھی بدھ کے روز برف کی سخت تہ جمنے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ الاباما کے شہر کلمن کے قریب علاقے میں درجہٴ حرارت منفی 13 ڈگری سیلشئیس، جب کہ الاباما کے دوسرے شہر، موبیل میں منفی سات سیلشئیس پر پہنچ چکا ہے۔

ٹیکساس کے شہر آسٹن میں جو جنوب میں واقع ہے، درجہٴ حرارت نکتہٴ انجماد سے نیچے گرنے کے بعد شاذ و نادر برف باری ہوئی، جس کے بعد شہر کے اہل کاروں نے گرم پناہ گاہیں قائم کی ہیں۔ جورجیا کے شہر، سوانا میں، جہاں جنوری میں درجہٴ حرارت 16 درجے سیلشئیس رہتا ہے، منگل کے روز دوپہر کے وقت درجہٴ حرارت منفی ایک سیلشئیس تک جا پہنچا ہے۔

درجہٴ حرارت منفی نکتے پر گرنے کے بعد، ملک کے اسپتالوں میں سردی اور اسی طرح کی دیگر بیماریوں میں مبتلہ افراد امرجنسی میں طبی امداد کے لیے پہنچ رہے ہیں۔

دریائے ہڈسن
دریائے ہڈسن

کرسمس کے دروان وسطی امریکہ میں سردی نے شدت اختیار کرلی ہے۔ نبراسکا کے شہر اوماہا میں 130 سال کا ریکارڈ ٹوٹا ہے، جہاں درجہٴ حرارت سینٹی گریڈ میں منفی 29 تک جا پہنچا ہے۔ ساؤتھ ڈکوٹا کے شہر ابرڈین میں 1919ء کے بعد درجہٴ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔

آرکٹک کے درجہٴ حرارت نے دریاؤں اور ندی نالوں میں آبی حیات اور کشتیوں کے چلنے میں مسائل بھی کھڑے کردیے ہیں۔ ورجینیا کے دارالحکومت، رچمنڈ میں فائر فائٹروں نے ایک ہنس کی جان بچائی، جو پیر کے روز جمے ہوئے تالاب کے بیچ میں پھنس گیا تھا۔

’سی این این‘ کی ایک خبر کے مطابق، نیو یارک میں، نقل و حمل سے متعلق اہل کاروں نے منگل کے روز نیوبرگ اور بیکن ’کمیوٹر فیری سروس‘ بند کر دی ہے، جب ہڈسن دریا میں برف جمنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ درجہٴ حرارت میں شدت آنے کے بعد، فلوریڈا کے اورلینڈو شہر کے متعدد ’واٹر پارکس‘ بند کر دیے گئے ہیں۔

’نیاگرا فالس‘ میں ’ہارس شو فالس‘ کے مقام پر جانے والے سیاحوں نے بہتے ہوئے پانی کی تصاویر بھیجی ہیں، جس نے جم کر سخت ٹکڑوں کی صورت اختیار کر لی ہے۔

’ایٹلانٹک وائٹ شارک‘ کے تحفظ پر مامور اہل کاروں نے بتایا ہے کہ کچھ شارک مچھلیاں بوسٹن کے جنوبی ساحل پر دیکھی جاسکتی ہیں، جو جم کر مر چکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG