رسائی کے لنکس

کشنر نے کریملن سے خفیہ رابطے کے امکانات پر بات کی: رپورٹس


جیرڈ کشنر (فائل فوٹو)
جیرڈ کشنر (فائل فوٹو)

امریکہ کے موقر اخبار 'دی واشنگٹن پوسٹ' نے خبر دی ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور ایک اعلیٰ مشیر جیرڈ کشنر نے ٹرمپ کے انتقال اقتدار کی ٹیم اور کریملن کے درمیان "خفیہ مواصلاتی رابطے" وضع کرنے کے امکانات پر واشنگٹن میں روس کے سفیر سے تبادلہ خیال کیا تھا۔

اخبار نے جمعہ کو امریکی عہدیداروں سے وابستہ خبر میں کہا کہ یہ اقدام کا مقصد ٹرمپ کے منصب صدارت سنبھالنے سے قبل ہونی والی بات چیت کو جانچ پڑتال سے محفوظ رکھنا تھا۔

اخبار کے ذرائع کا کہنا تھا کہ روسی سفیر سرگئی کسلیاک نے ماسکو میں اپنے سینیئرز کو بتایا کہ کشنر نے یہ تجویز دسمبر کے اوائل میں نیویارک سٹی میں ٹرمپ ٹاور میں ہونے والی ملاقات کے دوران دی تھی۔

ذرائع کے مطابق یہ معلومات روسی رابطوں کی نگرانی کے دوران حاصل ہوئی تھی جس کا امریکی حکام جائزہ لے چکے ہیں۔

قبل ازیں یہ اطلاعات بھی سامنے آ چکی ہیں کہ صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کے معاملے پر ایف بی آئی کشنر سے تفتیش کر سکتی ہے۔

تاہم یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ کشنر سے تحقیقات کا مطلب یہ نہیں کہ ان پر شبہ کیا جا رہا ہے۔

یہ نئی پیش رفت ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب رواں ماہ کے اوائل میں ہی صدر ٹرمپ نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جمیز کومی کو اچانک برطرف کر دیا تھا۔ کومی اس تحقیقات کی نگرانی کر رہے تھے۔

تاحال کشنر کی طرف سے ان اخباری خبروں پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

XS
SM
MD
LG