رسائی کے لنکس

خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کا اعلان


یہ نشستیں حالیہ انتخابات میں قومی و صوبائی اسمبلی کے لئے کامیاب قرار دی جانے والی سیاسی جماعتوں کے لئے مختص تھیں۔

الیکشن کمیشن نے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کا اعلان کردیا ہے۔ یہ نشستیں حالیہ انتخابات میں قومی و صوبائی اسمبلی کے لئے کامیاب قرار دی جانے والی سیاسی جماعتوں کے لئے مختص تھیں۔ منگل کے روز الیکشن کمیشن کی جانب سے ان کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز کو اس کی حاصل کردہ نشستوں کے تناسب سے خواتین کی 35، پیپلز پارٹی کو 7، تحریک انصاف کو 6، ایم کیو ایم کو 4، جے یو آئی (ف) کو 3 اور جماعت اسلامی، نیشنل پیپلز پارٹی، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی اور فنکشنل لیگ کو ایک ایک نشست حاصل ہو گی۔
تاہم پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز اور مسلم لیگ قائداعظم کے درمیان پنجاب سے خواتین کی قومی اسمبلی کی ایک نشست پر فیصلہ ٹاس کے ذریعے ہو گا۔
اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر (ن) لیگ کو 6، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی، جے یو آئی (ف) اور ایم کیو ایم کو ایک ایک نشست حاصل ہو گی۔
صوبائی سطح پر پنجاب اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ نون کو 57، تحریک انصاف کو 5، مسلم لیگ (ضیاء) کو 2 اور پی پی پی کو ایک نشست حاصل ہو گی جبکہ اقلیتوں کی مخصوص نشستوں میں سے نون لیگ کو 7 اور تحریک انصاف کو ایک نشست دی جائے گی۔
پارٹی پوزیشن
خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن کے ساتھ ہی پاکستان مسلم لیگ نواز کی قومی اسمبلی میں نشستوں کی مجموعی تعداد 186ہوگئی ہے۔ اس طرح ن لیگ پہلے نمبر پر ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی چالیس نشستوں کے ساتھ دوسرے، پاکستان تحریک انصاف پینتیس نشستیں لے کر تیسرے، متحدہ قومی موومنٹ 23سیٹیوں کے ساتھ چوتھے جبکہ جمعیت علمائے اسلام ف چودہ نشستوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
جماعت اسلامی نے قومی اسمبلی کی تین نشستیں حاصل کیں جبکہ اسے خواتین ایک مخصوص نشست بھی حاصل ہوئی۔ اس طرح اس کی کل چار سیٹیں ہوئیں۔ نیشنل پیپلز پارٹی دو جنرل نشستیں اور خواتین کی ایک نشست لے کر تین سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔
مسلم لیگ ق نے دو سیٹیں جیتیں جبکہ خواتین کی ایک مخصوص نشست کے لیے اس کا پیپلزپارٹی سے ٹاس ہوگا۔
آئندہ ہفتے کے دن معرض ِوجود میں آنے والی قومی اسمبلی میں آٹھ جماعتیں ایسی بھی ہوں گی جنہوں نے ایک ایک نشست جیتی ہے۔ مجموعی طور پر ملک بھر سے 28 آزاد امیدوار قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب ہوئے تھے جن میں سے 19امیدواروں نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
XS
SM
MD
LG