رسائی کے لنکس

رائس کی اسلام آباد آمد، سول و فوجی حکام سے ملاقات متوقع


فائل
فائل

پاکستانی اہل کاروں نے کہا ہے کہ رائس کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران وہ افغانستان اور طالبان کے درمیان فوری براہِ راست اجلاس پر زور دیں گے۔۔۔ خیال کیا جاتا ہے کہ بات چیت میں اُس ایجنڈا کا ذکر ہوگا جب اکتوبر کے اواخر میں وزیر اعظم نواز شریف امریکہ کا دورہ کریں گے

امریکی قومی سلامتی کی مشیر، سوزن رائس غیراعلانیہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئی ہیں، جہاں وہ حکومتِ پاکستان اور فوج کے اعلیٰ اہل کاروں کے ساتھ بات چیت کریں گی۔

پاکستانی حکام، جنھوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر، ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ رائس اتوار کے روز وزیر اعظم نواز شریف اور پاکستان فوج کے سربراہ کے ساتھ ملاقات کریں گی۔

رائس کی مسٹر شریف اور دیگر پاکستانی اہل کاروں سے بات چیت میں خیال کیا جاتا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین حالیہ تناؤ کے ماحول میں آنے والی تیزی پر بھی گفتگو ہوگی، جس سے قبل کشمیر کے خطے میں، جس علاقے پر دونوں ملک دعوے دار ہیں، تشدد پر مبنی واقعات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

متوقع طور پر بات چیت میں طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے سلسلے میں افغانستان کی کوششوں کے حوالے سے پاکستان کے کردار پر بھی گفتگو ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق، پاکستانی اہل کاروں نے کہا ہے کہ رائس کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران وہ افغانستان اور طالبان کے درمیان فوری براہِ راست اجلاس پر زور دیں گے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ رائس کی بات چیت میں اُس ایجنڈا کا ذکر آئے گا جب اکتوبر کے اواخر میں وزیر اعظم نواز شریف امریکہ کا دورہ کریں گے۔ پاکستانی اہل کاروں نے نجی طور پر مسٹر نواز شریف کے دورے پر گفتگو کی ہے۔ تاہم، امریکہ کی جانب سے اِس متعلق کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔

اِس سے قبل سوزن رائس دو روزہ دورے پر اعلیٰ سطحی بات چیت کے لیے بیجنگ میں تھیں، اور متوقع طور پر یہاں سے واپس واشنگٹن لوٹیں گی۔ بیجنگ میں قیام کے دوران، اُنھوں نے اگلے ماہ وائٹ ہاؤس میں صدر براک اوباما اور چین کے صدر، ژی جِنپنگ کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے چینی اہل کاروں سے ملاقاتیں کیں۔

پاکستانی حکام نے ہفتے کو دیر گئے امریکی قومی سلامتی کی مشیر کی اسلام آباد میں آمد کی تصدیق کی۔

XS
SM
MD
LG