|
ویب ڈیسک—معروف بالی وڈ اداکار رتیش دیش مکھ کے مداح انہیں جلد معروف فرنچائزز مستی، دھمال اور ہاؤس فل کے سیکوئلز میں دیکھیں گے۔
رتیش دیش مکھ نے حال ہی میں بھارتی اخبار 'انڈیا ٹوڈے' کو انٹرویو میں اپنے آنے والے پروجیکٹس کے بارے میں بتایا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ وہ ان دنوں تین معروف فرنچائزز کے سیکوئلز پر کام کر رہے ہیں۔
رتیش حال ہی میں ویب سیریز 'پل' میں نظر آئے تھے جس میں انہوں نے خاصا سنجیدہ کردار ادا کیا تھا۔ سیریز کی کہانی فارماسوٹیکل انڈسٹری کے گرد گھومتی ہے۔
'پل' 12 جولائی کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم ’جیو سینما‘ پر ریلیز کی ہوئی تھی۔
رتیش دیش مکھ نے 'انڈیا ٹوڈے' کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ "میں مستی فور، دھمال فور اور ہاؤس فل فائیو میں کام کر رہا ہوں۔‘‘
’’میں اپنے ساتھی اداکاروں اور ہدایت کاروں کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کے لیے بہت پُر جوش ہوں۔"
ہاؤس فل فائیو پہلے 2024 میں دیوالی کے موقع پر ریلیز ہونا تھی۔ لیکن اب اسے چھ جون 2025 میں ریلیز کیا جائے گا۔
'ہاؤس فل' بالی وڈ کی معروف کامیڈی فرنچائز ہے جس کا پہلا پارٹ 2010 میں ریلیز ہوا تھا۔
بعد ازاں 2019 تک اس کے مزید تین سیکوئلز ریلیز ہوئے۔
اس کے علاوہ 'دھمال' بھی بالی کی مشہور ترین کامیڈی فرنچائزز میں سے ایک ہے جس کا پہلا حصہ 2007 میں ریلیز ہوا تھا۔
'دھمال' میں رتیش دیش مکھ کے ساتھ ارشد وارثی، سنجے دت اور جاوید جعفری سمیت دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
'مستی فور' بھی ممکنہ طور پر آئندہ برس ریلیز کی جائے گی۔ البتہ اس کی ریلیز ڈیٹ کا باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
'مستی' 2004 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں اداکار رتیش دیش مکھ کے ساتھ وویک اوبرائے اور آفتاب شودسانی نے اداکاری کی تھی۔
بعد ازاں فلم کے دو سیکوئلز 'گرینڈ مستی' 2013 جب کہ 2016 میں 'گریٹ گرینڈ مستی' ریلیز ہوئے تھے۔