رسائی کے لنکس

انڈیمان سمندر میں 400 روہنگیا پناہ گزینوں کی دو کشتیاں لاپتہ


فائل فوٹو - انڈونیشیا کے صوبے آچے کے ساحل پر روہنگیا مہاجرین کشتی سے اتر رہے ہیں۔ جمعرات 16، 2023۔
فائل فوٹو - انڈونیشیا کے صوبے آچے کے ساحل پر روہنگیا مہاجرین کشتی سے اتر رہے ہیں۔ جمعرات 16، 2023۔

اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے کا کہنا ہے کہ بھارت کے انڈیمان سمندر میں 400 روہنگیا مسلمانوں کو لیے دو کشتیاں لاپتہ ہو گئی ہیں۔

ایجنسی کے مطابق ان کشتیوں پر خوراک اور پانی جیسی ضروریاتِ زندگی کی بھی قلت ہے اور خدشہ ہے کہ اگر ان کشتیوں کو ریسکیو نہ کیا گیا تو ان پر موجود افراد کی موت واقع ہو سکتی ہے۔

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق بنگلہ دیش میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کے کیمپوں میں گزشتہ برس راشن میں کمی کرنے، اورجرائم پیشہ گروہوں کے تشدد میں اضافے کے باعث لوگ وہاں سےہجرت پر مجبور ہوگئےہیں۔

بنکاک میں اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے کے علاقائی ترجمان، بابر بلوچ نے اے پی کو بتایا کہ اگر فوری طور پر کوئی اقدام نہ کیاگیا تو چار سو کے قریب بچے، عورتیں اور مرد موت کے منہ میں جا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کشتیاں بنگلہ دیش سے روانہ ہوئی تھیں اور سمندر میں دو ہفتے سے ہیں۔

ان میں سے ایک کشتی لاپتہ ہے جب کہ دوسری کشتی کے کپتان نے اے پی کو بتایا کہ ان کی کشتی پر 180 سے 190 افراد سوار ہیں۔کشتی کا انجن کام نہیں کر رہا اور کھانا اور پانی ختم ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق اگر انہیں فوری طور پر امداد نہ ملی تو کشتی پر سوار بیشتر افراد ہلاک ہوسکتے ہیں۔

کشتی کے کپتان نے، جنہوں نے اپنا نام مان نوکیم بتایا، اے پی کو کہا کہ وہ تھائی لینڈ کے مغربی ساحل سے تین سو بیس کلومیٹر دور ہیں۔ جب کہ تھائی نیوی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انہیں اس کشتی کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔

بابر بلوچ کا کہنا ہے کہ اس کشتی کا محل وقوع ہفتے کے روز انڈونیشیا کے صوبے آچے میں لنگر انداز ہونے والی ایک کشتی کے قریب ہے۔ اس کشتی پر 139 افراد سوار تھے۔

اگست 2017 میں میانمار میں فوجی آپریشن کے بعد سات لاکھ سے زائد روہنگیا مسلمانوں نے بنگلہ دیش ہجرت کی تھی۔

فورم

XS
SM
MD
LG