رومانیہ میں ذہنی مریضوں کے ایک اسپتال میں ایک پاگل مریض نے حملہ کر کے چار مریضوں کو اس وقت ہلاک کر دیا جب ان کا ذہنی امراض کے لیے مختص خصوصی کمرے میں علاج کیا جا رہا تھا۔ یہ واقعہ اتوار کے روز پیش آیا۔
رومانیہ سے آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایک 38 سالہ ذہنی مریض دارالحکومت سے بوکاریسٹ کے شمال مشرق میں واقع ایک قصبے ساپوکا میں اپنا علاج کرانے کے لیے ذہنی امراض کے داخل ہونے کے لیے آیا۔
جب اسے علاج کے لیے مختص کمرے میں لایا گیا تو اس پر پاگل پن کا دورہ پڑ گیا اور اس نے وہاں پڑا ہوا ایک اسٹینڈ اٹھا کر دوسرے مریضوں پر حملہ کر دیا۔
تین مریضوں کو سرپر اسٹینڈ لگنے سے شدید زخم آئے اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ چوتھا مریض بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
اسپتال ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ پاگل مریض کے حملے میں دیگر 9 ذہنی مریض زخمی بھی ہوئے جن میں سے دو ابھی تک بے ہوش ہیں۔
اسپتال کی ڈائریکٹر وکٹوریہ میالاسکو نے میڈیا کو بتایا کہ یہ تمام واقعات ایک منٹ سے بھی کم وقت میں ہوئے۔
انہوں نے ایک مقامی ٹیلی وژن کو بتایا کہ حملہ کرنے والے مریض کو جب اسپتال میں داخل کیا گیا تو اس کی علامات سے کسی شدت کا اظہار نہیں ہو رہا تھا اس لیے اس کی زیادہ نگرانی کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔ ہمیں یہ اندازہ نہیں تھا کہ اسے دورہ پڑنے سے اتنا بڑا سانحہ ہو جائے گا۔