رسائی کے لنکس

شہزادہ ولیم، کیٹ مڈلٹن شادی: 2000دعوت نامے جاری


پرنس ولیم اور کیتھرین
پرنس ولیم اور کیتھرین

تقریب میں شرکت کےلیے اردن، متحدہ عرب امارات، اومان، بحرین، برونائی، سعودی عرب اور جاپانی شاہی خاندان کے سربراہان کو خصوصی دعوت دی گئی ہے

برطانوی شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی 29اپریل کو ویسٹ منسٹر ایبے میں انجام پائے گی جِس میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے 2000مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

ملکہ الزبیتھ کی جانب سے بھجوائے گئے شادی کے دعوت ناموں کو خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے جِس میں سونےکی چمکتی شاہی خاندان کی مھر کو ثبت کیا گیا ہے۔

تقریب میں شرکت کے لیے اردن، متحدہ عرب امارات، اومان، بحرین، برونائی، سعودی عرب اور جاپانی شاہی خاندان کے سربراہان کو خصوصی دعوت دی گئی ہے، جب کہ شہزادہ ولیم اور کیٹ کی خواہش کے مطابق تقریب میں اُن کے نجی دوستوں کے علاوہ عراق اور افغانستان کی جنگ میں شدید زخمی ہونے والے برطانوی فوجیوں کو بھی شاہی خاندان کی جانب سے دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔

برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانہ کے صاحبزادے شہزادہ ولیم کی اپنی منگیتر کیٹ مڈلٹن سے پہلی ملاقات برطانیہ کی سینٹ اینڈریو یونیورسٹی میں ہوئی جہاں پر شاہی جوڑا زیرِ تعلیم تھا۔

دس سالہ رفاقت کے بعد شہزادہ ولیم نے گذشتہ سال نومبر میں کیٹ سے اپنی منگنی کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے رواں سال 29اپریل کو شادی کا فیصلہ کیا تھا۔ خوشی کے اِس موقع پر شہزادہ ولیم نے اپنی والدہ لیڈی ڈیانہ کی دی ہوئی انگوٹھی کیٹ کو پہنا کر اپنی والدہ کی یاد تازہ کی۔

شاہی خاندان میں ایک عرصے کے بعد ہونے والی شادی کو لے کر برطانوی عوام میں روایتی جوش و خروش دیکھنے میں آیا ہے۔ لیکن برطانیہ میں افراطِ زر کی بڑھتی ہوئی شرح اور گرتی ہوئی معیشت کی وجہ سے 2000مہمانوں پر مشتمل شادی کی تقریب پر آنے والے اخراجات پر برطانوی میڈیا میں تنقید بھی کی جارہی ہے۔

شاہی شادی کے لیے مقرر کیے گئے منتظم ِاعلیٰ نے شادی پر اُٹھنے والے اخراجات پر تنقید کرنے والوں سے اتفاق نہیں کرتے۔ اُنھوں نے کہا کہ شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن شادی کی خوشی میں اپنے ذاتی دوستوں کو بھی شریک کرنا چاہتے ہیں۔

شہزادہ ولیم کی دادی، ملکہ الزبیتھ نے اِس موقعے پر ایک الگ تقریب کا اہتمام کرتے ہوئے بکنگھم پیلیس میں 600مہمانوں کو مدعو کیا ہے جب کہ ولی عہد شہزادہ چارلس بھی اپنے بیٹے کی شادی میں 300مہمانوں پر مشتمل شاہی دعوت کا اہتمام کریں گے۔

XS
SM
MD
LG