برطانوی عہدے داروں نے کہا ہے کہ شہزادہ ولیم اگلے سال کیٹ مڈ لٹن سے شادی کررہے ہیں۔ شادی کی تقریب 29 اپریل کو لندن کے معروف اورتاریخی ویسٹ منسٹر کیتھولک چرچ میں ہوگی۔
منگل کے اس اعلان سے ایک ہفتہ قبل 28 سالہ شہزادے اپنی منگنی کا اعلان کیاتھا۔
ویسٹ منسٹر ایبی وہ مقام ہے جہاں شہزادہ ولیم کی والدہ شہزادی ڈیانا کی آخری رسومات ادا کی گئی تھیں ۔ شہزادے کی دادی ملکہ الزبیتھ دوم کی شادی بھی اسی مشہور گرجاگھر میں ہوئی تھی۔
شہزادے کے پرائیویٹ سیکرٹری جیمی لوتھر پنکرٹن نے کہا ہے کہ برطانیہ کی سخت اقتصادی صورت حال کو پیش نظر شادی کے اخراجات شہزادہ چارلس اور مڈلٹن کے والدین خود ادا کریں گے۔
شہزادہ ولیم نے پچھلے ماہ کینیا میں اپنی تعطیلات کے دوران اپنی والدہ کے نیلم اور ہیرے کی انگوٹھی کےساتھ مڈلٹن کوشادی کی پیش کش کی تھی۔
دونوں کی ملاقات نو سال قبل اس وقت ہوئی تھی جب وہ سکاٹ لینڈ کی سینٹ اینڈریو یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے۔
برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے پچھلے ہفتے قانون سازوں سے کہا تھا کہ وہ اس موقع پر عام تعطیل کی حمایت کریں گے تاکہ برطانوی عوام شادی کی تقریبات دیکھ سکیں۔
شہزادہ ولیم اپنے والد پرنس چارلس کے بعد برطانوی تاج کے وارث ہیں۔