رسائی کے لنکس

امریکی صدارتی مباحثہ: حاضرین کی عدم موجودگی اور بوقت ضرورت مائیک بند


صدر بائیڈن اور سابق صدر ٹرمپ 2020 کے صدارتی انتخابی مباحثے میں شریک ہیں۔ یہ مباحثہ کلیولینڈ میں ہوا تھا۔ جس میں دونوں امیدوار ایک دوسرے کی بات کاٹتے رہے تھے۔ اس بار بات کرتے وقت صرف ایک امیدوار کا مائیک کھلا ہو گا۔ 20 ستمبر 2020
صدر بائیڈن اور سابق صدر ٹرمپ 2020 کے صدارتی انتخابی مباحثے میں شریک ہیں۔ یہ مباحثہ کلیولینڈ میں ہوا تھا۔ جس میں دونوں امیدوار ایک دوسرے کی بات کاٹتے رہے تھے۔ اس بار بات کرتے وقت صرف ایک امیدوار کا مائیک کھلا ہو گا۔ 20 ستمبر 2020
  • سن 2024 کا پہلا صدارتی مباحثہ 27 جون کو اٹلانٹا میں ہو گا۔
  • مباحثے کی میزبانی سی این این کے اینکر کریں گے۔
  • مباحثے میں حاضرین موجود نہیں ہوں گے اور جب ایک امیدوار بات کر رہا ہو گا تو دوسرے کا مائیک بند رہے گا۔
  • مباحثے کا دورانیہ 90 منٹ ہو گا جس میں دو کمرشل بریک بھی ہوں گے۔
  • دوسرا مباحثہ 10 ستمبر کو اے بی سی نیوز کی میزبانی میں ہو گا۔

نومبر 2024 کے صدارتی انتخابات کے سلسلے میں صدر جو بائیڈن اور سابق صدر ڈونلد ٹرمپ کے درمیان صدراتی مباحثہ 27 جون کو ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں ہو رہا ہے۔ اس مباحثے کے لیے اس بار نئے قواعد اور ضوابط طے کیے گئے ہیں۔

نشریاتی ادارے سی این این نے اعلان کیا ہے کہ دونوں صدارتی امیدواروں کی انتخابی مہم کی ٹیموں نے نئے قواعد پر اتفاق کیا ہے جس میں اس بار بوقت ضرورت مائیک کا بند کرنا بھی شامل ہے۔

اس مباحثے کی میزبانی سی این این کے جیک ٹیپر اور ڈینا بیش کریں گی۔ یہ مباحثہ 90 منٹ تک براڈکاسٹ کیا جائے جس میں دو کمرشل بریک بھی ہوں گے۔اس سے قبل صدارتی مباحثوں کے کمشن کے تحت، جو تین عشروں تک ان مباحثوں کی نگرانی کرتا رہا ہے، کمرشل بریک نہیں ہوتے تھے۔ لیکن اس سال ایسا نہیں ہو گا۔

سن 1976 کے بعد سے، جب سے صدارتی مباحثوں کا آغاز ہوا ہے، یہ پہلی بار ہے کہ مباحثے کے دوران حاضرین اس مقام پر موجود نہیں ہوں گے۔

صدراتی مباحثے کے نئے ضوابط کیا ہیں

دونوں امیدواروں نے اس پر اتفاق کیا ہے کہ جب ان کے بولنے کی باری نہیں ہو گی توان کا مائیکروفون بند رہے گا، جس کا مقصد مباحثے کے دروان مداخلت کے امکان کو کم سے کم کرنا ہے۔ اس سے پہلے بائیڈن اور ٹرمپ کے درمیان 2020 کے صدراتی انتخاب کے مباحثوں میں دونوں نے کئی بار ایک دوسرے کی گفتگو کے درمیان مداخلت کی تھی۔

سی این این نے کہا ہے کہ گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی مباحثے کے میزبان وقت کی پابندی کرانے اور مباحثے کو شائستگی کے دائرے کے اندر رکھنے کو یقینی بنانے کے لیے ان تمام ذرائع کو استعمال کریں گے جو ان کے اختیار میں ہوں گے۔

گزشتہ برسوں سے مختلف ایک بات یہ ہے کہ اس سال کسی بھی صدارتی امیدوار کی طرف سے ابتداتی بیانات نہیں ہوں گے۔ امیدواروں کو ایک سوال کا جواب دینے کے لیے دو منٹ کا وقت دیا جائے گا۔ جس میں ایک منٹ اس کی تردید اور تردید کا جواب دینے کے لیے ہو گا۔میزبانوں کے اختیار میں ایک اضافی منٹ بھی ہو گا جسے وہ اپنی صوابدید پر استعمال کر سکیں گے۔ مباحثے کے اختتام پر ہر امیدوار دو منٹ کا اپنا اختتامی بیان دے گا۔

نشریاتی نیٹ ورک کے مطابق مباحثے کے لیے امیدواروں کے لیے بالکل ایک جیسے پوڈیم(ڈائس) رکھے جائیں گے ۔ دونوں امیدواروں کے درمیان پوڈیم کا انتخاب سکہ اچھال کر کیا جائے گا۔

27 جون کو ہونے والا صدارتی انتخابی مباحثہ امریکہ کی تاریخ کا پہلا ایسا صدارتی مباحثہ ہے جس میں حصہ لینےوالے کسی بھی امیدوار نے ابھی تک اپنی پارٹی کی نامزدگی کو باضابطہ طور پر قبول نہیں کیا۔ تاہم بائیڈن اور ٹرمپ دونوں ہی اپنی جماعتوں کی کنونشنز کے بعد نامزدگی قبول کر سکیں گے۔

ریپبلکن پارٹی کا کنونشن اگلے مہینے ریاست وسکانسن کے شہر ملواکی میں ہے جب کہ ڈیموکریٹک کنونشن اگست میں شکاگو میں ہو گا۔

یہ صدارتی مباحثہ اس سال ہونے والے دو مباحثوں میں سے پہلا ہے، جب کہ دوسرا صدارتی مباحثہ اے بی سی نیوز کی میزبانی میں 10 ستمبر کو ہو گا۔

وائس آف امریکہ نیوزکی رپورٹ۔

فورم

XS
SM
MD
LG