رسائی کے لنکس

امیر دبئی کی مفرور اہلیہ کی سیاسی پناہ کی درخواست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امیر دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم کی مفرور اہلیہ حیا بنت الحسین نے برطانیہ سے سیاسی پناہ کی درخواست کردی ہے۔

پینتالیس سالہ حیا بنت الحسین امیر دبئی کی چھٹی بیوی اور اردن کے سابق بادشاہ شاہ حسین کی بیٹی ہیں جو حال ہی میں اپنے دو بچوں کے ہمراہ دبئی سے فرار ہو کر برطانیہ پہنچی ہیں۔

شہزادی حیا ان دنوں لندن کے پوش علاقے میں مقیم ہیں جہاں امیر ترین شخصیات رہائش پذیر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شہزادی حیا نے برطانیہ سے سیاسی پناہ کی درخواست کی ہے۔ تاہم برطانیہ کی وزارت داخلہ نے ان اطلاعات کی تصدیق یا تردید سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انفرادی معاملات پر تبصرے نہیں کیے جاتے۔

رواں ماہ کے اختتام پر برطانوی ہائی کورٹ میں شہزادی حیا کی طلاق سے متعلق کیس کی سماعت بھی ہونی ہے۔

شہزادی حیا کے قریبی دوستوں نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو بتایا ہے کہ شہزادی کی جان کو دبئی میں خطرہ تھا جس کے باعث وہ فرار ہوئیں۔

شہزادی حیا کے فرار نے امارات کی سیاست میں بھی ہلچل مچا دی ہے اور مستقبل میں اس کے اثرات متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کے تعلقات پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

امیر دبئی کی اہلیہ سے قبل ان کی دو صاحبزادیاں بھی فرار ہونے کی کوشش کرچکی ہیں جنہیں بعدازاں دوبارہ امارات کے حوالے کردیا گیا تھا۔

گزشتہ سال مارچ میں شیخ محمد بن راشد کی صاحبزادی لطیفہ نے دبئی سے مبینہ طور پر فرار ہونے کی کوشش کی تھی لیکن بھارتی بحریہ نے انہیں پکڑ کر حکام کے حوالے کردیا تھا۔

XS
SM
MD
LG