وسطیٰ ایشیائی ملک کرغستان کے سلامتی کے اداروں کا کہنا ہے کہ سینٹ پیٹرزبرگ میں زیر زمین ٹرین اسٹیشن میں بم دھماکے میں ملوث مشتبہ شخص کرغز نژاد روسی شہری تھا۔
کرغز سکیورٹی سروسز نے مشتبہ حملہ آور کا نام اکبرزون جلیلوف ظاہر کیا ہے اور اُس کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ 1995 میں پیدا ہوا۔
اس سے قبل روس کے سرکاری خبر ادارے انٹرفیکس نے کہا تھا کہ مبینہ طور پر یہ خودکش بم حملہ تھا اور 23 سالہ مبینہ حملہ آور کا تعلق وسطیٰ ایشیا سے تھا۔
روس کے سرکاری میڈیا کے مطابق سینٹ پیٹرزبرگ میں زیر زمین ٹرین اسٹیشن میں بم دھماکے میں ملوث مشتبہ شخص کا تعلق وسطیٰ ایشیا سے تھا۔
اُدھر روس کے وزیر صحت نے کہا ہے کہ سینٹ پیٹرزبرگ میں حملے میں ہلاکتوں کی تعداد منگل کو 11 سے 14 ہو گئی ہے، جب کہ لگ بھگ 50 افراد زخمی ہیں۔
روس کے دوسرے بڑے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں بم دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔
پیر ہی کو پولیس نے ایک دوسرا بم ناکارہ بنا دیا، جو سینیٹ پیٹرز برگ کے ایک اسٹیشن میں چھپایا گیا تھا۔ بم دھماکے کے بعد سینیٹ پیٹرزبرگ کے زیر زمین ریل کے نظام کو کچھ دیر کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
بم دھماکے کے بعد ماسکو نے سکیورٹی مزید بڑھا دی۔
سینٹ پیٹرزبرگ میں عہدیداروں نے تین دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ پیر کو روس کے صدر ولادیمر پوٹن بھی سینیٹ پیٹرزبرگ میں تھے جہاں اُن کی بیلاروس کے صدر سے ملاقات طے تھی۔
ماسکو میں 2010 میں زیر زمین ریل اسٹیشن پر بم دھماکے میں 33 افراد ہلاک ہو گئے تھے، اس حملے کے بعد روسی حکام کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی چیچنیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون خودکش بمبار کی تھی۔