روس کے وزیراعظم ولادیمر پوٹن چین کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں جہاں ان کی ملاقاتوں میں توانائی پر تعاون کا ایجنڈا سر فہرست ہوگا۔
مسٹر پوٹن منگل کی دوپہر بیجنگ کے ہوائی اڈے پر پہنچے جہاں سے انھیں چینی وزیراعظم وین جیا باؤ سے ملاقات سے قبل باضاطہ استقبالی تقریب کے لیے لے جایا گیا۔
آئندہ سال روس کے صدراتی انتخاب میں حصہ لینے کے اعلان کے بعد مسٹر پوٹن کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
روس توانائی پیدا کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اور وہ چین سے اپنی تجارت کو مزید فروغ دینے کا خواہشمند ہے جو توانائی کی سب سے زیادہ کھپت والا ملک ہے۔ لیکن قدرتی گیس کے ایک 30 سالہ منصوبے پر قیمت کے معاملے پر اختلافات کے باعث 2009ء میں عمل درآمد رک گیا تھا۔
اس کے باوجود دونوں ملکوں نے مسٹر پوٹن کی چین آمد سے ایک روز قبل سات ارب ڈالر مالیت کے توانائی کے ایک معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔