آسٹریلیا کی روس کی اہم شخصیات پر پابندیاں
آسٹریلیا کی وزارتِ خارجہ نے منگل کو ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ روس کے فوجی حکام سمیت دیگر اہم افراد پر مزید پابندیاں عائد کر رہا ہے۔
آسٹریلیا نے ان لوگوں پر بھی پابندیاں عائد کر دی ہیں جو کہ روس کے پروپیگنڈے یا جھوٹی معلومات پھیلانے کے ذمہ دار ہیں۔
ان اقدامات سے 10 افراد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
آسٹریلیا کی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ افراد روس کا اسٹریٹیجک اثاثہ ہیں۔ یہ لوگ روس کے اس پروپیگنڈے کی ترویج میں مصروف ہیں جس میں ماسکو کا دعویٰ ہے کہ وہ یوکرین میں ’ڈی-نازیفیکیشن‘ یعنی نازی طرز کے اقدامات کے خلاف کارروائی کر رہا ہے۔
نیوزی لینڈ میں روس پر پابندیوں کا قانون منظور ہونے کا امکان
نیوزی لینڈ میں رواں ہفتے ایک نئے قانون کی منظوری کا امکان ہے جس کے تحت روس سے منسلک لوگوں کی املاک کو منجمد کیا جا سکے گا۔
نیوزی لینڈ کا روس پر پابندیوں کا نیا بل یوکرین کے خلاف جارحیت کے تناظر میں پیش کیا جا رہا ہے۔
اس نئے بل کی منظوری سے حکام کو یہ اختیار مل جائے گا کہ وہ کسی بھی شخص، ادارے، کمپنی یا املاک کے خلاف کارروائی کر سکیں۔
ورلڈ بینک کی یوکرین کے لیے 72 کروڑ ڈالرز امداد کی منظوری
ورلڈ بینک نے یوکرین کے لیے 72 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کی امداد کی منظوری دی ہے۔
بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں اس پیکیج کی منظوری کے لیے ووٹ دیا گیا۔
اس پیکیج کے تحت 48 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز یوکرین کے قرضہ جات اور گارنٹیز کی مد میں رکھے گئے ہیں جب کہ 23 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز دیگر اخراجات کے لیے ہیں۔
ورلڈ بینک کے مطابق اس رقم سے یوکرین کی حکومت کی اسپتالوں میں عملے کی تنخواہوں کی ادائیگی، بزرگ افراد کی پینشن اور دیگر سماجی منصوبوں کے لیے مدد ہو سکے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ ورلڈ بینک نے تین ارب ڈالرز کے ایک اور امداد پیکیج پر بھی کام شروع کر دیا ہے جس سے یوکرین اور اس کے ان پڑوسی ممالک کی مدد ہو سکے گی جہاں جنگ کے سبب مہاجرین پہنچ رہے ہیں۔
امریکہ نے روس کے یوکرین میں جنگ روکنے کے دعوے کی تردید کر دی
امریکہ نے روس کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ اس کی فوج نے یوکرین میں جنگ شروع ہونے سےروکنے کے لیے خصوصی آپریشن کیا ہے۔
امریکہ کے محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ ایک واضح جھوٹ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ روس کے فوجی آپریشن سے یوکرین میں جنگ شروع ہوئی۔ یوکرین جنگ نہیں چاہتا تھا۔
اس کے ساتھ ہی نیڈ پرائس نے ’جھوٹ بولنا بند کرو‘ کا ہیش ٹیگ ’اسٹاپ دی لائے‘ بھی استعمال کیا۔
روس کے وزیرِ خارجہ سرگئی لاروف کے اس بیان کو بھی نیڈ پرائس نے سوشل میڈیا بیان میں شامل کیا ہے جس میں سرگئی لاروف کا دعویٰ تھا کہ روس کے اسپیشل فوجی آپریشن کا مقصد یوکرین کی سرزمین پر کسی بھی جنگ یا وہاں سے شروع ہونے والی کسی لڑائی کو روکنا ہے۔