روس کی افواج کسی بڑی کامیابی کے حصول میں ناکام
برطانیہ کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ روس کی افواج کو کس بھی بڑی کامیابی میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور یوکرین کے دارلحکومت کیف کے شمال میں اب بھی جنگ جاری ہے۔
بدھ کو وزارتِ دفاع نے یوکرین کی جنگ کے حوالے سے خفیہ اطلاعات پر مبنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ یوکرین کے فضائی دفاع کا نظام روس کے جدید جنگی طیاروں کے مقابلے میں کافی مؤثر ثابت ہوا ہے اور روسی طیاروں کو کسی بھی موقع پر فضا میں کنٹرول کے حصول میں کامیاب ہونے نہیں دیا گیا ہے۔
سومی شہر سے نقل مکانی شروع
یوکرین کے شمال مشرقی شہر سومی سے انخلا کے لیے انسانی بنیادوں پر قائم کی گئی راہداری بدھ کو بھی کھلی رہی۔
منگل کو روس اور یوکرین میں اتفاق کے بعد یہ راہداری قائم کی گئی تھی۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اس راہداری سے پانچ ہزار لوگ انخلا کر سکیں گے جن میں سے زیادہ تر لوگ بسوں میں سوار ہیں۔ جب کہ ایک ہزار کاروں میں سوار شہری بھی اس راہداری سے انخلا کر سکیں گے۔
سومی شہر بھی روسی جارحیت کا نشانہ بنا تھا اور منگل کو جنگ بندی ہونے سے قبل تک اس شہر پر حملے جاری تھے۔ جنگ بندی پر اتفاق کے بعد شہریوں کا انخلا شروع ہو سکا ہے۔
امریکہ کا پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس بیٹریز پولینڈ منتقل کرنے کا اعلان
امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی دو پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس بیٹریز پولینڈ منتقل کر رہا ہے۔
امریکہ کے یورپین کمانڈ (ای یو کام) کے مطابق پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس بیٹریز پولینڈ منتقل کرنے کا اقدام امریکی سیکریٹری آف ڈیفنس کے ان کے احکامات کے بعد کیا گیا ہے کہ یورپی اتحادیوں کو کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں امریکہ مقابلہ کرے گا۔
ای یو کام کے ترجمان کے مطابق دفاع کے پیشِ نظر حالیہ اقدامات امریکہ، اتحادیوں اور نیٹو کے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں کے لیے کسی ممکنہ خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے گئے گئے ہیں۔
ملک سے اب تک 20 لاکھ افراد انخلا کر چکے ہیں: یوکرینی حکام
یوکرینی حکام نے تصدیق کی ہے کہ روسی جارحیت کے دو ہفتے مکمل ہونے سے قبل ہی اب تک 20 لاکھ افراد ملک سے انخلا کر چکے ہیں۔
یوکرینی حکام کی جانب سے یہ اعداد و شمار ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب روسی افواج نے یوکرینی شہر ماریوپول کا محاصرہ کر رکھا ہے اور وہاں سے لوگوں کے انخلا کا عمل تعطل کا شکار ہے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق چار لاکھ 30 ہزار سے زائد آبادی والے شہر میں کئی روز سے پانی، ہیٹنگ سسٹم، فون سروسز معطل ہیں۔
'اے پی' کے مطابق ایسی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جن میں لوگ مقامی اسٹورز پر ہلہ بول رہے ہیں اور یوکرینی فوجی اُنہیں متحد رہنے کی اپیل کر رہے ہیں۔