'پیتھوجنز کو بروقت تلف کیا جائے قبل اس کے کہ یہ انسانی جان کے لیے مضر ثابت ہوں'
عالمی ادارہ صحت نے یوکرین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ملک کی صحت عامہ کی لیباریٹریز میں تحقیقی کام کے لیے موجود 'پیتھوجینز' کو تلف کر دے، قبل اس کے کہ مرض پھیلانے والا کوئی جرثومہ پھیل جائے اور بیماری پھیلانے کا باعث بنے۔
ادارے نےجمعرات کے دن رائٹرز کو بتایا کہ 'بایوسیکیورٹی' کے ماہرین کا کہنا ہے کہ روس کی فوج کی یوکرین میں نقل و حرکت اور شہروں پر بم حملوں کے نتیجے میں اس بات کا خدشہ بڑھ گیا ہے کہ وائرس یا دیگر 'مائکروجنزم' جو بیماری پھیلا سکتے ہیں وہ لیباریٹریز سے نکل کر عام آبادی کو متاثر کر سکتے ہیں۔
دیگر کئی ملکوں کی طرح، یوکرین میں بھی پبلک ہیلتھ لیباریٹریز موجود ہیں جہاں خطرناک بیماریوں کے خلاف مدافعت پیدا کرنے میں مدد دینے کا تحقیقی کام کیا جاتا ہے، جو مرض انسانوں اور جانوروں کو لگتے ہیں۔ اس تحقیقی کام میں حالیہ دنوں کے دوران کووڈ 19 پر جاری تحقیق بھی شامل ہے۔ یوکرین کی لیباریٹریز کو تحقیق کے کام میں امریکہ، یورپی یونین اور عالمی ادارہ صحت مدد فراہم کرتا رہا ہے۔
روس کے حملے سے پہلے یوکرین میں جاری تحقیقی کام کے بارے میں رائٹرز کے سوال کا جواب دیتے ہوئے، عالمی ادارہ صحت نے ایک ای میل میں بتایا ہے کہ اس کی جانب سے کئی سالوں سے یوکرین کے صحت عامہ کے شعبے کے ساتھ تحقیقی کام میں تعاون جاری رہا ہے، تاکہ صحت کے نظام کو بہتر سے بہتر کیا جا سکے، جس سے حادثاتی طور پر یا جان بوجھ کر پیتھوجینز کا نکلنا ممکن ہو سکتا ہے۔
صحت کے عالمی ادارے نے بتایا ہے کہ ''اِس کام کے ایک حصے کے طور پر عالمی ادارہ صحت نے یوکرین کی وزارت صحت اور دیگر شعبوں سے سفارش کی ہے کہ پیتھوجینز کی حادثاتی رہائی سے قبل، احتیاطی طور پر 'جوثومے' کو تلف کیا جائے''۔
روس کی یوکرین جنگ کے لیے رضا کار بھرتی کرنے کی اطلاعات
روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے یوکرین میں جنگ لڑنے کے لیے ’رضا کار‘ بھرتی کرنے کی منظوری دی ہے۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق روس کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ اور دیگر ممالک سے ایسے رضا کار بھرتی کیے جائیں گے جنھوں نے داعش سے لڑائی کی تھی۔
امریکی نیوز چینل اے بی سی نے روس کے وزیرِ دفاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ روس کے علم میں ایسی 16 ہزار درخواستیں ہیں جو انہیں مشرقِ وسطیٰ کے ممالک سے موصول ہوئیں۔
روس کے ایوانِ صدر کریملن کے بیان کے مطابق وزیرِ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ان افراد سے داعش سے لڑنے کے لیے رجوع کیا تھا۔
رومانیہ میں پر تعیش ہوٹل پناہ گاہ میں تبدیل
روس کے حملے کے بعد یوکرین سے نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔
لاکھوں شہر نقل مکانی کرچکے ہیں اور اب بھی بڑی تعداد دیگر ممالک کا رُخ کررہی ہے۔ اے بی سی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق رومانیہ میں ایک پرتعیش ہوٹل کے بال روم کو پڑوسی ملک یوکرین سے آنے والے پناہ گزیوں کے لیے پناگاہ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
روس کی بمباری سے یوکرین کے شہروں میں اسٹیڈیم، لائبریر اور رہائشی عمارتیں تباہ
یوکرین کی رکنِ پارلیمنٹ انا سوسون کے مطابق روسی بمباری سے مختلف شہروں میں رہائشی عمارتیں، اسٹیڈیم اور لائبریری کی عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں۔
انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ روس نے چرنیو شہر میں رہائشی اپارٹمنٹ اور لائبریری کو نشانہ بنایا ہے۔
اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے حملوں کے مقامات کی تصاویر کے ساتھ یہ معلومات بھی فراہم کی ہے کہ چرنیو میں 11 مارچ کو صبح سویرے 4 بچے ایک اسٹیڈٰم اور لائبریری متاثر ہوا ہے اور شہر میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔
انہوں نے چند اور تصاویر کے ساتھ یہ معلومات فراہم کی ہے کہ 60 اپارٹمنٹس پر مشتمل عمارت، مزید ایسی چار عمارتوں اور دس نجی مکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
انا سوسون مختلف شہروں کی صورتِ حال کی تصاویر شیئر کرنے کے ساتھ اس بات پر بھی زور دے رہی ہیں کہ اس وجہ سے یوکرین کو نو فلائی زون قرار دینا چاہیے۔