روسی حکومت کے چہیتوں کے خلاف پابندیوں کے لیے نئی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں
یوکرین پر روسی جنگ کے نتیجے میں اثر و رسوخ کی حامل روسی شخصیات کے خلاف سخت پابندیوں کا اعلان پہلا قدم تھا۔ اب امریکہ اور اس کے اتحادی روسی اشرافیہ کی پر آسائش بڑی کشتیوں، املاک اور دیگر قیمتی اثاثوں کو منجمد کرنے کے اپنے عہد پر عمل کرنے کے لیے نئی ٹیمیں تشکیل دے رہے ہیں۔
ان نئے حکومتی گروپوں کو کئی چیلنجوں کا سامنا ہے جن میں ان ملکوں کے مختلف قوانین شامل ہیں اور ایسے بے قصور لوگوں کو سزا دیے جانے کے خطرات بھی موجود ہیں جن کی جائیداد کسی با رسوخ شخصیت کے ضبط شدہ اثاثوں کے ساتھ منسلک ہو سکتی ہے۔ پھر وقت بھی ایک بڑا مسئلہ ہے کیونکہ تحقیقات مہینوں اور برسوں تک جاری رہ سکتی ہیں۔
یوکرین کو بجلی کی ترسیل کے نئے یورپی گرڈ سے ملا دیا گیا
یورپی یونین کے عہدے داروں نے بدھ کے روز بتایا ہے کہ یوکرین کو بجلی کی ترسیل کے اُس نئے گرڈ سے منسلک کیا گیا ہے جس سے یورپی براعظم کے زیادہ تر ملک وابستہ ہیں۔ اس اقدام کے بعد یوکرین کی بجلی کی ترسیل کے نظام کا انحصار دشمن ملک روس پر نہیں رہے گا۔
بیلجئم میں قائم اس ادارے نے، جو یورپ کے بجلی کی ترسیل سے وابستہ 39 اداروں کی نمائندگی کا اختیار رکھتا ہے، بتایا ہے کہ یوکرین کے بجلی کے گرڈ کے علاوہ اُس کے چھوٹے ہمسایہ ملک مالڈوا کے بجلی کے نظام کو بھی کامیابی کے ساتھ آزمائشی بنیادوں پر 'کانٹی نینٹل یورپین پاور سسٹم' کے ساتھ ملا دیا گیا ہے۔
گروپ نے اعلان کیا ہے کہ یہ ایک''سنگِ میل نوعیت کی پیش رفت ہے''۔
سال 2014ء میں جب روس نے کرائیمیا کو ضم کیا تھا، ادارے کے منتظمین اُس وقت سے ایک متبادل نظام کی تیاری پر کام کرتے رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ روس کی بڑی فوج کی یوکرین کے خلاف جارحیت کے بعد، کیف کی درخواست پر ادارے نے ہنگامی بنیادوں پر یہ کام مکمل کیا، جس پر عمومی طور پر کئی سال لگ سکتے تھے۔
جنگ کے دوران روس کو متعدد سائبر حملوں کا سامنا
رپورٹس کے مطابق روس کو یوکرین کے خلاف جنگ کے دوران کئی سائبر حملوں کا سامنا ہے۔
الجزیرہ نیوز چینل نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ان سائبر حملوں میں کریملن، ایروفلوٹ ایئر لائنز اور سبر بینک کی ویب سائٹس متاثر ہوئی ہیں۔
روس کی ہر محاذ پر پیش رفت کم ہو گئی ہے: برطانوی وزارتِ دفاع
برطانیہ کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ یوکرین میں تمام محاذوں پر روس کے بڑے پیمانے پر حملے رک گئے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق روس کی فوج نے حالیہ ایام میں زمین، سمندر یا ہوا میں کم سے کم پیش رفت کی ہے ۔
رپورٹس کے مطابق روس کو مسلسل بھاری نقصان ہو رہے ہیں۔