یوکرین جنگ: مہاجرین کی تعداد 35 لاکھ سے بڑھ گئی، عالمی ادارہ
مہاجرین کے عالمی ادارے نے کہا ہے کہ یوکرین کی جنگ کی وجہ سے ملک چھوڑ کر جانے والے افراد کی تعداد 35 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔ جب کہ 20 لاکھ سے زیادہ افراد سرحد عبور کر کے پولینڈ میں داخل ہوئے ہیں۔
روس یوکرین میں حیاتیاتی اور کیمیائی ہتھیار استعمال کر سکتا ہے: جو بائیڈن
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے انتباہ کیا ہے کہ روس کی جانب سے کیف میں حیاتیاتی اور کیمیائی ہتھیاروں کی موجودگی کے جھوٹے دعوے یہ نشاندہی کرتے ہیں کہ روسی صدر ولادی میر پوٹن ممکنہ طور پر ایسے ہتھیار استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
صدر بائیڈن نے یہ تبصرہ پیر کے روز کاروبار سے متعلق ایک کانفرنس کے دوران کیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ یہ خیال ظاہر کر رہے ہیں کہ یوکرین کے پاس ملک میں حیاتیاتی اور کیمیائی ہتھیار موجود ہیں۔ جو اس جانب ایک واضح اشارہ ہے کہ صدر پوٹن ان دونوں اقسام کے ہتھیاروں کے استعمال پر غور کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پیر کے روز روس کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ اس نے امریکہ کے سفیر جان سولیوین کو طلب کر کے بتایا کہ صدر ولادی میر پوٹن کے متعلق صدر جو بائیڈن کے تبصرے ناقابل قبول ہیں، جس کا بظاہر اشارہ صدر بائیڈن کے اس بیان کی طرف تھا جس میں انہوں نے روسی رہنما کو جنگی مجرم قرار دیا تھا۔
یوکرین کی جنگ میں اب تک عام شہری ہلاکتیں 925 ہو گئیں، عالمی ادارہ
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے او ایچ سی ایچ آر نے کہا ہے کہ یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سے سینکڑوں عام شہری ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔
ادارے کی پیر کو جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 925 ہے جب کہ 1496 عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔
عالمی اداے نے کہا ہے کہ زیادہ تر عام شہریوں کی ہلاکتوں کی وجہ دھماکہ خیز ہتھیاروں کا استعمال ہے جس سے ایک بڑا علاقہ متاثر ہوا، اس کے ساتھ ساتھ توپ خانے سے شدید گولہ باری، میزائلوں کا استعمال اور فضائی حملے بھی ان جانی نقصانات کا سبب بنے ہیں۔
روسی افواج جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہیں: پینٹاگان
امریکہ کے محکمۂ دفاع پینٹاگان نے الزام عائد کیا ہے کہ روسی افواج یوکرین میں جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہیں۔
پینٹاگان کے پریس سیکریٹری جان کربی نے وائس آف امریکہ کے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ "ہم واضح شواہد دیکھ رہے ہیں کہ روسی افواج یوکرین میں جنگی جرائم کر رہی ہیں اور اس ضمن میں ہم شواہد اکٹھے کرنے میں مدد کر رہے ہیں۔"
جان کربی نے الزام عائد کیا کہ روسی افواج بلاامتیاز شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں اور بعض کیسز میں جان بوجھ کر شہریوں کو ہدف بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ یوکرین میں جنگی جرائم سے متعلق جاری تحقیقات کا انتظار کرے گا اور روس کے جنگی جرائم کی تحقیقات میں تعاون بھی کرے گا۔