جاپان کی روس کو لگژری اشیا برآمد کرنے پر پابندی
جاپان اگلے ماہ سے یوکرین پر روسی حملے کے ردعمل کے طور پر روس کو لگژری اشیا کی برآمدات پر پابندی عائد کر رہا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے جاپان کی وزارتِ اقتصادیات، تجارت اور صنعت کے ایک بیان کے حوالے سے کہا کہ جاپان کا یہ اقدام پانچ اپریل سے نافذ العمل ہو گا۔
ممنوعہ اشیاء میں لگژری کاریں، موٹر سائیکلیں، شراب، کاسمیٹکس، فیشن آئٹمز اور فن پارے شامل ہیں۔
یوکرین میں اب تک پانچ صحافی ہلاک ہوچکے ہیں، 'رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز' کا بیان
چوبیس فروری کو روسی حملے کے آغاز سے اب تک یوکرین سے رپورٹنگ کرتے ہوئے دو یوکرینی اور تین غیر ملکی صحافی ہلاک ہو چکے ہیں۔
یہ بات پیر کے روز 'رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز' نے بتائی ہے۔ ایک بیان میں صحافیوں کی تنظیم نے روسی اور یوکرینی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ یوکرین میں ذرائع ابلاغ کے ارکان کے تحفظ کی ضمانت دیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ "صحافیوں پر حملہ جنگی جرم ہے۔"
منگل سے استنبول میں روس یوکرین مذاکرات کا آغاز متوقع
رائٹرز نے خبر دی ہے کہ کریملن نے کہا ہے کہ عین ممکن ہے کہ روس اور یوکرین کے مابین امن بات چیت کا منگل کے روز سے ترکی میں آغاز ہو جائے اور اہم بات یہ ہو گی کہ ان کے مابین یہ بالمشافہ گفتگو ہو گی۔
اب تک ہونے والے مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہو پائی تھی۔
روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور ان کے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوان نے اتوار کے دن ہونے والے ٹیلی فون رابطے کے دوران استنبول میں مذاکرات منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔
ترکی نے کہا ہے کہ یہ بات چیت پیر کے روز شروع ہو سکتی ہے، لیکن کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ یہ ممکن نہیں ہو گا، چونکہ مذاکراتِ کار پیر ہی کو ترکی پہنچیں گے۔
پیسکوف نے کانفرنس کال کے ذریعے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ''مذاکرات یہ بتانے کے لیے نہیں ہوتے کہ پیش رفت ہوئی یا نہیں، نہ ہی ایسا کریں گے۔ لیکن اہمیت کی حامل بات یہ حقیقت ہے کہ یہ گفتگو بالمشافہ ہو رہی ہے''۔
یوکرینی عوام کی مدد پر یوکرینی خاتون اول کا اظہار تشکر
یوکرین کی خاتون اول الینا زیلنسکا نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں انھوں نے ان سب ملکوں کا شکریہ ادا کیا ہے جنھوں نے روسی حملے کے بعد یوکرین کے عوام کو مدد فراہم کی ہے۔
یہ ویڈیو پیر کے دن یوکرین کی وزارت خارجہ نے ٹوئٹر پر شیئر کی ہے جس میں متعدد ملکوں کی خواتین اول کے پیغامات کو شامل کیا گیا ہے جو انھوں نے حالیہ ہفتوں کے دوران یوکرین کی حمایت میں جاری کیے ہیں۔