فن لینڈ اور سویڈن کی نیٹو رکنیت، ترکی کا اپنے خدشات کا اظہار
امریکہ کے وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو سے ملاقات کی۔
وائس آف امریکہ کی محکمہ خارجہ میں بیورچیف نائیکی چنگ نے رپورٹ دی ہے کہ ملاقات سے قبل اوغلو نے میڈیا کو بتایا کہ ترکی کو سویڈن اور فن لینڈ کی ان کےالفاظ میں دہشت گرد وں کی حمایت کے حوالے س نسلامتی کے جائز خدشات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان خدشات کی بنا پر انقرہ ان دو ممالک کے نیٹو کے ساتھ الحاق پر اعتراض کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ فن لینڈ اور سویڈن نے روس کے یوکرین پر حملے کے بعد نیٹو اتحاد میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور ترکی اس الحاق کے رکن کی حیثیت سے ان ملکوں کے درخواستوں پر اپنا موقف بیان کرنے کا حق رکھتا ہے۔ کسی بھی ملک کی نیٹو رکنیت حاصل کرنےکی درخواست کی منظوری کا دارومدار نیٹو کے تمام اراکین کی رضا مندی پر ہوتا ہے۔
ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی ان ممالک کے سکیورٹی خدشات کو سمجھتا ہے ، لیکن ترکی کے سکیورٹی خدشات کا بھی حل نکالا جانا چاہیے۔
اوغلو نے مزیدکہا کہ امریکہ سمیت دوستوں اور اتحادیوں کے ساتھ اس مسئلہ پر بات چیت جاری رہنی چاہیے۔ اس لیے آج وہ نتیجہ خیز گفتگو کی توقع رکھتے ہیں۔
عالمی بینک کا جنگ سے پیدا ہونے والےغذائی بحران کو روکنے کے لیے 30 بلین ڈالر کا اعلان
عالمی بینک نے بدھ کے روز کہا کہ وہ یوکرین میں روس کی جنگ سے لاحق غذائی تحفظ کے بحران کو روکنے میں مدد کے لیے 30 بلین ڈالر فراہم کرے گا۔
بینک نے کہا کہ یوکرین میں جاری جنگ نے دونوں ممالک، روس اور یوکرین، سے دنیا کو اناج کی زیادہ تر برآمدات منقطع کر دی ہیں۔
نئی اعلان کردہ رقم میں سے مجموعی طور پر نئے منصوبوں میں $12 بلین اور موجودہ خوراک اور غذائیت سے متعلق منصوبوں سے $18 بلین سے زیادہ شامل ہوں گے۔ ان منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے لیکن رقم ابھی تقسیم نہیں کی گئی۔
مختص کی گئی رقوم میں سے زیادہ تر وسائل افریقہ، مشرق وسطیٰ، مشرقی یورپ اور وسطی ایشیا، اور جنوبی ایشیا میں خرچ کی جائیں گی۔
بلنکن اور چاوش اولو کی ملاقات، سویڈن اور فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت پر بات چیت
امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے بدھ کے روز ترک وزیر خارجہ میولودچاوش اولو سے ملاقات کی۔ وائس آف امریکہ کی محکمہ خارجہ کی نمائندہ، نائیکی چنگ نے بتایا ہے کہ میڈیا سے بات چیت کے دوران، چاوش اولو نے سیکیورٹی سے متعلق ترکی کی ، ان کے الفاظ میں ''جائز تشویش'' کا دوبارہ اظہار کیاا ۔
بقول ان کے، سویڈن اور فن لینڈ ''دہشت گرد تنظیموں'' کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ اپنے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ترکی نورڈک خطے کے ان دو ملکوں کی نیٹو میں شمولیت پر اعتراض اٹھا رہا ہے۔
ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ''جو میں کہنا چاہتا ہوں وہ یہ ہے کہ ہم ان کی سیکیورٹی کی صورت حال کو سمجھتے ہیں، لیکن ترکی کی سیکیورٹی کی تشویش کو بھی مد نظر رکھنا چاہیے''۔
چاوش اولو نے مزید کہا کہ ''یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس پر ہم دوستوں اور اتحادیوں کے ساتھ گفتگو کریں گے، جن میں امریکہ بھی شامل ہے۔ اس لیے (میں) منتظر ہوں کہ آج کی یہ ملاقات نتیجہ خیز ثابت ہو''۔
یو کرین: جنگی جرائم کی سماعت میں روسی فوجی کا اعتراف جرم
یوکرین پر روس کے حملے کے بعد جنگی جرائم کے پہلے مقدمے کی سماعت کے دوران ایک 21 سالہ روسی فوجی نے ایک نہتے عام شہری کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
سارجنٹ ودیم ششیمرین کو 28 فروری کو ایک 62 سالہ شخص کو کار کی کھلی کھڑکی سے سر میں گولی مارنے کے الزام میں عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
ششیمرین پر یوکرین کے جنگ سے متعلق فوجداری قانون کے تحت مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔
یوکرین کی پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ ان کا دفتر 41 روسی فوجیوں کے خلاف مبینہ جنگی جرائم کے مقدمات تیار کر رہا ہے۔ ان جرائم میں شہری زیریں ڈھانچے پر بمباری اور عام شہریوں کو ہلاک اور ان کی آبروریزی کرنا شامل ہیں۔
بدھ کے روز اس کے اعترافِ جرم کے بعد اگرچہ مقدمے کی سماعت مختصر ہو گی تاہم پراسیکیوٹر ششیمرین کے خلاف ثبوت جمع کر رہے ہیں۔