میک ڈونلڈز، پیپسی، اسٹار بکس اور کوکا کولا نے روس میں کاروبار بند کر دیا
معروف امریکی فاسٹ فوڈ چین میک ڈونلڈز سمیت امریکی کمپنیوں پیپسی، اسٹار بکس اور کوکا کولا نے یوکرین پر روسی جارحیت کے باعث روس میں اپنا کاروبار عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
میک ڈونلڈز کے سی ای او کی جانب سے منگل کو اعلان کیا کہ "ہماری اقدار یہ اجازت نہیں دیتیں کہ ہم یوکرینی عوام کو درپیش غیر ضروری مصائب کو نظرانداز کریں۔"
فاسٹ فوڈ چین نے اعلان کیا کہ وہ روس میں اپنے 850 اسٹور بند کر رہی ہے، تاہم وہاں اپنے 62 ہزار ملازمین کو تنخواہیں دینے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
امریکہ کی معروف کافی کمپنی اسٹار بکس نے بھی منگل کو اعلان کیا ہے کہ وہ بھی روس میں اپنے تمام 130 ریستوران بند کر رہی ہے۔ تاہم اپنے دو ہزار روسی ملازمین کو تنخواہیں دیتی رہے گی۔
ان دونوں کمپنیوں کے علاوہ کوکا کولا اور پیپسی نے بھی روس میں جزوی طور پر اپنا کاروبار بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ملک سے اب تک 20 لاکھ افراد انخلا کر چکے ہیں: یوکرینی حکام
یوکرینی حکام نے تصدیق کی ہے کہ روسی جارحیت کے دو ہفتے مکمل ہونے سے قبل ہی اب تک 20 لاکھ افراد ملک سے انخلا کر چکے ہیں۔
یوکرینی حکام کی جانب سے یہ اعداد و شمار ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب روسی افواج نے یوکرینی شہر ماریوپول کا محاصرہ کر رکھا ہے اور وہاں سے لوگوں کے انخلا کا عمل تعطل کا شکار ہے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق چار لاکھ 30 ہزار سے زائد آبادی والے شہر میں کئی روز سے پانی، ہیٹنگ سسٹم، فون سروسز معطل ہیں۔
'اے پی' کے مطابق ایسی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جن میں لوگ مقامی اسٹورز پر ہلہ بول رہے ہیں اور یوکرینی فوجی اُنہیں متحد رہنے کی اپیل کر رہے ہیں۔
امریکہ کا پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس بیٹریز پولینڈ منتقل کرنے کا اعلان
امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی دو پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس بیٹریز پولینڈ منتقل کر رہا ہے۔
امریکہ کے یورپین کمانڈ (ای یو کام) کے مطابق پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس بیٹریز پولینڈ منتقل کرنے کا اقدام امریکی سیکریٹری آف ڈیفنس کے ان کے احکامات کے بعد کیا گیا ہے کہ یورپی اتحادیوں کو کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں امریکہ مقابلہ کرے گا۔
ای یو کام کے ترجمان کے مطابق دفاع کے پیشِ نظر حالیہ اقدامات امریکہ، اتحادیوں اور نیٹو کے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں کے لیے کسی ممکنہ خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے گئے گئے ہیں۔
سومی شہر سے نقل مکانی شروع
یوکرین کے شمال مشرقی شہر سومی سے انخلا کے لیے انسانی بنیادوں پر قائم کی گئی راہداری بدھ کو بھی کھلی رہی۔
منگل کو روس اور یوکرین میں اتفاق کے بعد یہ راہداری قائم کی گئی تھی۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اس راہداری سے پانچ ہزار لوگ انخلا کر سکیں گے جن میں سے زیادہ تر لوگ بسوں میں سوار ہیں۔ جب کہ ایک ہزار کاروں میں سوار شہری بھی اس راہداری سے انخلا کر سکیں گے۔
سومی شہر بھی روسی جارحیت کا نشانہ بنا تھا اور منگل کو جنگ بندی ہونے سے قبل تک اس شہر پر حملے جاری تھے۔ جنگ بندی پر اتفاق کے بعد شہریوں کا انخلا شروع ہو سکا ہے۔