'روسی حملے کے بعد سے یوکرین کے 30 لاکھ افراد ملک چھوڑکر جا چکے ہیں'
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سے 30 لاکھ سے زائد یوکرینی لوگ ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے منگل کو بتایا کہ یوکرین کی جنگ دنیا کے کمزور ترین اور غیر محفوظ ترین لوگوں اور ممالک پر بھی حملہ ہے۔
عالمی ادارے کے سربراہ نے کہا کہ خوراک، ایندھن اور کھاد کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور یہ غریب ترین طبقوں کو سب سے زیادہ متاثر کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات دنیا بھر میں سیاسی عدم استحکام اور بدامنی کے بیج بو رہے ہیں۔
بائیڈن بدھ کو یوکرین کے لیے 800 ملین ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کریں گے
وائس آف امریکہ کی وائٹ ہاؤس بیورو چیف پاٹسی وڈاکوسوارا نے رپورٹ کیا ہے کہ صدر جو بائیڈن بدھ کو یوکرین کے لیے اضافی 800 ملین ڈالر کی نئی سیکیورٹی امداد کا اعلان کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کے حکام کے مطابق اس اضافی امداد کے ساتھ ہی گزشتہ ہفتے میں یوکرین کے لیے امریکہ کی اعلان کردہ امام کی مجموعی رقم دو ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔
یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا جائے گا جب بدھ کو ہی یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے والے ہیں۔
امریکی سینیٹ نے روسی صدر پوٹن کو جنگی مجرم قرار دے دیا
امریکی سینیٹ نے منگل کے روز متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو جنگی مجرم قرار دیا گیا۔
امریکہ کی منقسم کانگریس میں قرار داد کا متفقہ طور پر منظور ہونا اتحاد کا ایک نادر مظاہرہ ہے۔
منظور ہونے والی قرارداد اس ماہ کے شروع میں ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم کی طرف سے پیش کی گئی تھی۔ دو طرفہ حمایت حاصل کرنے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان صدر پوٹن کے ایما پر ان کے ملٹری کمانڈرز اور روسی مسلح افواج کی طرف سے مسلسل جاری تشدد، جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
قرارداد میں عالمی فوجداری عدالت اور ملکوں سے کہا گیا ہے کہ روس کے حملے کے دوران ہونے والے جنگی جرائم کی کسی بھی تحقیقات میں روسی فوج کو نشانہ بنائیں۔
تین یورپی ملکوں کے وزرائے اعظم کی موجودگی سچے دوستوں کی ہمت ظاہر کرتی ہے، یوکرین
یوکرین کے وزیر اعظم ڈینس شمیہل نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ روس کی ان کے ملک کے خلاف جنگ کے دوران تین یورپی ممالک کی کیف میں آمد سچے دوستوں کی ہمت کو ظاہر کرتی ہے۔
جمہوریہ چیک، سلوینیا اور پولینڈ کے بالترتیب وزرائے اعظم پیٹر فیالا، جینز جانسا اور میٹیوز موراویکی نے دارالحکومت کیف میں یوکرین کے صدر ولودو میر زیلنسکی سے ملاقات کی۔