رسائی کے لنکس

حلب پر فضائی حملوں میں جمعے کو وقفے کا اعلان


حلب کے قریب باغی ایک ٹرک مٰں سوار ہیں۔ 30 اکتوبر 2016
حلب کے قریب باغی ایک ٹرک مٰں سوار ہیں۔ 30 اکتوبر 2016

دو نئے راستوں کے ذریعے باغیوں کو شہر چھوڑے کی اجازت دی جائے گی۔ جن میں سے ایک راستہ ترک سرحد کی طرف جب کہ دوسرا راستہ ادلیب کی جانب جاتا ہے۔

روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ان کی فورسز جمعے کے روز انسانی ہمدوردی کی بنیاد پر فضائی حملوں میں وقفہ دیں گی تاکہ عام شہریوں اور باغیوں دونوں کو محصور شہر سے نکلنے کا موقع مل سکے۔

روس کے چیف آف جنرل سٹاف ویلری گراسیموف کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 4 نومبر کو 9 بجے سے شام پانچ بجے تک انسانی ہمدوردی کے پیش نظر حلب پر حملوں میں وقفہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام کے عہدے داروں نے بھی اس اعلامیے کی منظوری دی ہے جس کا مقصد بلا مقصد نقصان سے بچنا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دو نئے راستوں کے ذریعے باغیوں کو شہر چھوڑے کی اجازت دی جائے گی۔ جن میں سے ایک راستہ ترک سرحد کی طرف جب کہ دوسرا راستہ ادلیب کی جانب جاتا ہے۔ شہر چھوڑ کر جانے والے باغیوں کو اپنے ہتھیار ڈالنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔

چھ راستے ان عام شہریوں کے لیے مختص ہیں جو شہر چھوڑنا چاہتے ہیں۔

حلب میں موجود باغی گروپوں نے روس کی پیش کش مسترد کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں اور یہ اعلان محض میڈیا کے ذریعے لوگوں کی توجہ حاصل کرنے بہانہ ہے۔

اس سے پہلے بھی ماسکو اور دمشق، انسانی بنیادوں پر فضائی حملوں میں وقفے کا اعلان کرتے رہے ہیں، جو زیادہ تر ناکام رہے۔ اس سلسلے کا تازہ ترین وقفہ اکتوبر کے وسط میں کیا گیا تھا جب اقوام متحدہ اور ریڈ کراس کے امدادی ٹرک ترک سرحد پر کئی ہفتوں تک یہ انتظار کرتے رہے کہ ان کے لیے کب سفر کرنا محفوظ ہو گا۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ حلب کے مشرقی حصے میں تقریباً ڈھائی لاکھ شہریوں کو امداد کی اشد ضرورت ہے جب کہ سینکڑوں بیماروں اور زخمیوں کو علام معالجے کے لیے فوری طور پر شہر سے باہر بھیجا جانا چاہیے۔

XS
SM
MD
LG