روس کے سرکاری ٹی وی نے کہا ہے کہ یوکرائن اور روس کے عہدیداروں نے وزیرِ اعظم ولادیمر پوٹن کو قتل کرنے کی سازش کرنے والے مشتبہ افراد کا ایک گروہ پکڑا ہے۔
’’دی چینل وَن‘‘ ٹی وی اسٹیشن نے پیر کے روز کہا کہ یہ مشتبہ افراد مسٹر پوٹن کو چار مارچ کے صدارتی انتخاب کے فوری بعد ماسکو میں قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ خبر کے مطابق اس گروپ کو یوکرائن میں بحیرہ اسود کے ساحلی شہر اوڈیسا سے گرفتار کیا گیا۔
خبر میں یوکرائن کے سکیورٹی عہدیداروں کے حوالے سے بتایا گیا کہ مشتبہ افراد کو رواں سال کے اوائل میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب یہ لوگ بارودی مواد تیار کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ ایک دھماکا ہو گیا۔ یہ لوگ ایک ایسے گروپ کے لیے کام کرتے رہے ہیں جو روس کے شمالی کاکس میں اسلامی ریاست بنانا چاہتا ہے۔
خبر میں کسی عہدیدار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔
مسٹر پوٹن کے ترجمان نے اتارتاس نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی ہے تاہم انھوں نے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
اس بات کا قومی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وزیرِ اعظم پوٹن تیسری مدت کے لیے صدر منتخب ہو سکتے ہیں۔ اس سے قبل وہ 2000ء سے 2008ء تک روس کے صدر رہ چکے ہیں۔