روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے صدر ولادیمیر پوٹن امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دعوت قبول کرنے اور واشنگٹن میں اُن سے ملاقات کرنے پر آمادہ ہیں۔
سرکاری تحویل میں کام کرنے والے خبر رساں ادارے، ’آے آئی اے نووستی‘ کو دیے گئے انٹرویو میں، لاورف نے کہا کہ پوٹن ’’ایسی ملاقات پر تیار ہیں‘‘۔
بقول اُن کے، ’’یہ حقیقت ہماری راہنمائی کرتی ہے کہ ٹیلی فون گفتگو میں امریکی صدر نے، جس کا سبھی کو پہلے ہی پتا ہے، یہ بات ڈھکی چھپی نہیں کہ اُنھوں نے ایسی دعوت دی؛ یہ کہتے ہوئے کہ وہ چاہتے ہیں کہ اُن (پوٹن) سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں‘‘۔
لاوروف نے مزید کہا کہ پوٹن کے ساتھ ٹیلی فون گفتگو کے دوران کئی بار ٹرمپ نے دعوت کے عنوان پر بات کی اور بتایا کہ اُنھیں روس کا جوابی دورہ کرکے خوشی ہوگی۔
اس سے قبل ٹرمپ اور پوٹن نے واشنگٹن میں سربراہ اجلاس کے امکان پر اتفاق کیا۔
ٹرمپ نے 20 مارچ کو پوٹن کو ٹیلی فون کیا جس میں اُنھوں نے دو روز قبل روسی صدارتی انتخاب جیتنے پر اُنھیں مبارکباد دی۔
وائٹ ہاؤس اور کریملن نے کہا ہے کہ اُس وقت دونوں صدور نے بالمشافیٰ ملاقات کے امکان پر بات کی۔