اسپین کی جانب سے میڈرڈ میں تعینات دو روسی سفارتی اہلکاروں کو ملک بدر کرنے کے اعلان کے بعد روس نے بھی ماسکو میں تعینات اسپین کے سفارتی عملے کے دو اہلکاروں کو ملک سے چلے جانے کو کہا ہے۔
اسپین کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے منگل کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کے دو سفارتی اہلکاروں کو "ناپسندیدہ سرگرمیوں" میں ملوث ہونے کے باعث اسپین چھوڑنے کا کہا گیا تھا۔
بیان کے مطابق واقعے کے بعد روس نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے ماسکو میں تعینات دو ہسپانوی سفارتی اہلکاروں کو ملک بدر کردیا ہے۔
ہسپانوی روزنامے "ایل پائیز" کے مطابق روسی سفارتی اہلکاروں کو ملک سے نکالنے کا فیصلہ اسپین کے نیشنل انٹیلی جنس سینٹر کے ڈائریکٹر کی درخواست پر گزشتہ ماہ کیا گیا تھا۔ ہسپانوی وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں حکومتوں کے نزدیک سفارتی اہلکاروں کو ملک بدر کرنے کا معاملہ ختم ہوچکا ہے اور فریقین اپنے اپنے سفارتی مشنز میں تعیناتیوں کو جلد سے جلد مکمل بنانے پر کام کررہے ہیں۔