ایک ہسپانوی جج نے 2003ء میں امریکی زیر قیادت عراق پر حملے کے ابتدائی دنوں میں ایک ہسپانوی صحافی کی ہلاکت کے سلسلے میں تین امریکی فوجیوں کی گرفتاری کے دوبارہ وارنٹ جاری کیے ہیں۔
جج نے ہسپانوی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے ردعمل میں، جس میں تیسری بار تحقیقات کرنے کا حکم دیا گیاتھا، جمعرات کے روز وارنٹ جاری کیے۔
امریکی ٹینک فورس کے تین فوجی بغداد کے ایک فلسطینی ہوٹل پر 8 اپریل 2003ء کوہونے والی ایک فائرنگ کے سلسلے میں اسپین کو مطلوب ہیں۔ اس حملے میں تین افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
اس وقت کے امریکی وزیر دفاع کولن پاول نے کہا تھا کہ فوجیوں نے اس فائرنگ کا جواب دیاتھا جوفوجیوں کے خیال میں ان پر ہوٹل سے کی جارہی تھی۔ امریکی حکام فوجیوں کو اسپین کے حوالے کرنے سے انکار کرچکے ہیں، جنہیں امریکی فوجی پینل پہلے ہی کسی غلط کارروائی کے الزام سے بری الزمہ قرار دے چکاہے۔
اسپین کی عدالتیں اس سے قبل اس معاملے کی دوبار تحقیقات کرکے امریکیوں کے خلاف مقدمہ داخل دفتر کرچکی ہیں۔