رسائی کے لنکس

'بیافو گلیشیئر' پر تین دن سے پھنسے روسی کوہ پیما کو بچا لیا گیا


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج ایوی ایشن نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے بیافو گلیشیئر کی چوٹی پر تین دن سے پھنسے روسی کوہ پیما کو بچا لیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، فوجی جوانوں نے گلگت بلتستان میں بیافو گلیشیئر کی لیٹوک چوٹی پر پھنسے روسی کوہ پیما الیگزینڈر گوکوف کو بچا لیا ہے۔

روسی کوہ پیما لیٹوک ٹاپ پر 25 جولائی سے پھنسا ہوا تھا اور تین دن سے سپلائی بند تھی۔ چار دن میں سات کوششوں کے باوجود امدادی ٹیموں کو کوہ پیما تک رسائی حاصل نہیں ہو سکی تھی۔

صورتحال کی نزاکت کے پیش نظر، آرمی ایوی ایشن کے پائلٹس نے 20 ہزار 650 فٹ بلندی پر پھنسے کوہ پیما الیگزینڈر گوکوف کو تلاش کرلیا اور طبی امداد کی فراہمی کیلئے ابتدائی طور پر سی ایم ایچ اسکردو منتقل کر دیا تھا۔

آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے خراب موسم میں اتنی بلندی پر یہ پہلا امدادی آپریشن تھا۔

الیگیزنڈر گوکوف کو مزید بہتر علاج کے لیے سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، سی ایم ایچ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے الیگزینڈر گوکوف کی عیادت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس سے قبل رواں ماہ بھی ہنزہ کی الترسر ٹاپ پر پھنسے دو غیرملکی سیاحوں کو زندہ بچا لیا گیا تھا، جبکہ ایک سیاح برفانی تودے کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا تھا۔

ہنزہ کے قریب 19ہزار فٹ بلند الترسر چوٹی پر برفانی تودہ گرنے سے تین غیرملکی سیاح پھنس گئے تھے، پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر نے خراب موسم کے باوجود ریسکیو آپریشن شروع کیا، آسٹریا کا کوہ پیما کرسٹین ہیوبر برفانی تودے کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا، جبکہ برطانوی کوہ پیما بروس نارمینڈ اور ملر ٹموتھی کو زندہ ریسیکو کر لیا گیا۔

الترسر چوٹی پر برفانی تودہ گرنے کی وجہ سے تینوں غیر ملکی کوہ پیما پھنس گئے تھے اور انہوں نے امداد مانگی تھی۔

پاکستان میں مختلف پہاڑی چوٹیوں پر کوہ پیما انہیں سر کرنے کے لیے آتے ہیں لیکن موسم کی سختی اور نامساعد حالات کے باعث کئی کوہ پیما جان سے ہاتھ بھی دھو بیٹھتے ہیں۔ اس علاقہ میں ریسکیو آپریشن کے لیے صرف پاک فوج ہی صلاحیت رکھتی ہے۔

XS
SM
MD
LG