رسائی کے لنکس

سیکرامینٹو فائرنگ: گرفتار شخص کچھ عرصے قبل ہی جیل سے رہا ہوا تھا


Sacramento Mass Shooting
Sacramento Mass Shooting

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے دارالحکومت سیکرامینٹو میں اتوار کو پیش آئے فائرنگ کے واقعے کے دوسرے مشتبہ شخص کو منگل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔گرفتار شخص کے بارے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ کچھ ہفتوں قبل ہی جیل سے رہا ہوا تھا۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ایک ادارے کے افسر نے بتایا کہ27 سالہ مشتبہ شخص سمائلی مارٹن نے اتوار کو پیش آئے واقعے سے چند گھنٹے قبل فیس بک لائیو بھی کیا تھا جس میں انہیں گن کی نمائش کرتے دیکھا جا سکتا تھا ۔

عہدیدارنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حکام اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا جو ہتھیار ویڈیو میں نظر آ رہا ہے وہ فائرنگ کے واقعے میں بھی استعمال ہوا تھا۔

یاد رہے کہ اتوار کو سیکرامینٹو میں فائرنگ کے واقعے میں چھ افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے تھے۔ جس کے بعد پولیس نے شوٹرز کی تلاش شروع کردی تھی۔

سمائلی مارٹن اس واقعے میں ملوث ہونے کے شبہے میں پہلے سے گرفتار 26 سالہ داندریا مارٹن کے بھائی ہیں جو سیکرامینٹو میں پیش آئے واقعے کے دوران گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے تھے اور اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ پولیس نے داندریا کو اسپتال سے ہی حراست میں لے لیا تھا۔

تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ دونوں بھائیوں نے یہ ہتھیار چرائے تھے۔ وہ ان کی مالی دستاویزات، کال ریکارڈز اور سوشل میڈیا پیغامات کو بھی دیکھ رہے ہیں تاکہ یہ جانا جاسکے کہ انہوں نے یہ ہتھیار کب حاصل کیےتھے۔ علاوہ ازیں حکام نے فائرنگ کے واقعے کے بعد کئی مقامات پر چھان بین بھی کی ہے۔

مارٹن رواں برس فروری میں جیل سے رہا ہوئے تھے۔وہ اس سے قبل مار پیٹ اور اپنی گرل فرینڈ پر تشدد کرنے کے الزام میں جیل میں تھے۔انہیں سرکاری پراسیکیوٹرز کی مخالفت کے باوجود وقت سے پہلے قید سے رہا کردیا گیا تھا۔

'اے پی' کے مطابق سیکرامینٹو کے ایک پراسیکیوٹر نے ایک خط کے ذریعے بتایا تھا کہ مارٹن کا کرمنل ریکارڈ پرتشدد اور طویل تھا۔ ان کے بقول مارٹن سے کئی طرح کے جرائم سرزد ہوئے ہیں اور انہیں انسانی زندگی اور قانون کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

اتوار کے روز پیش آئے اس واقعے کے دوران ایک سو سے زائد گولیوں کے راؤنڈچلائے گئے تھے۔ واقعے کے دوران سینکڑوں افراد گھبرا کر محفوظ مقام پر منتقل ہونے کے لیے بھاگ رہے تھے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG