کراچی ... فلم ’باڈی گارڈ‘ اور ’دبنگ‘ جیسی کئی فلموں میں آپ نے سلمان خان کو راحت فتح علی خان کی سریلی آواز پر ’گاتے بجاتے‘ ضرور دیکھا ہوگا۔
ان دونوں کا ’ملاپ‘ گویا کامیابی کی ضمانت بن گیا ہے۔ شاید اِسی لئے، سبھاش گھئی جیسے ٹاپ کلاس ڈائریکٹر اور پروڈیوسر نے سلمان اور راحت کو پھر سے یکجا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سنہ 80 کی دہائی میں سبھاش گھئی نے ’ہیرو‘ کے نام سے ایک بلاک بسٹر فلم دی تھی جس کے ہیرو تھے جیکی شروف اور ہیروئن تھیں میناکشی شیشادری۔
سبھاش گھئی اسی فلم کے تانے بانے لیکر اب ایک نئی فلم بنانے جارہے ہیں۔ آپ اسے آسان الفاظ میں ’سیکوئل‘ کہہ سکتے ہیں۔
فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اسے سبھاش گھئی کے ساتھ ساتھ سلمان خان بھی پروڈیوس کریں گے، جبکہ ڈائریکٹر کی ذمے داریاں نبھائیں گے نکھل آڈوانی۔
راحت فتح علی خان کی ٹیم کے ایک اہم رکن نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ فلم کے ایک گانے ’یاداں تیریاں۔۔‘ کو استاد راحت فتح علی نے اپنی آواز بخشی ہے۔
فلم کا میوزک پچھلے ہی ہفتے ریلیز ہوا ۔۔اور یہ بتانا اضافہ ہی ہوگا کہ ’یاداں تیریاں‘ نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچا دی ہے ۔۔۔
خاص کر نوجوان میوزک لورز اس گانے کے دیوانے ہوگئے ہیں۔
اگر آپ نے ابھی تک اسے نہیں سنا تو سمجھئے ایک اچھا میوزک، بہترین آواز اور شاندار سر۔۔آپ ہی کی توجہ کے منتظر ہیں۔