اس بار ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں نوبل انعام کی تقسیم کے موقع پر ہونے والی تقریب پاکستان اور پاکستانیوں، دونوں کے لئے انتہائی فخر کا باعث ہوگی۔
یہی وہ تقریب ہے جس میں پاکستان کے لئے فخریہ طور پر نوبل ایوارڈ جیتنے والی ملالہ یوسف زئی باقاعدہ طور پر اپنا ایوارڈ حاصل کریں گی۔ پاکستان کے لئے یہ انتہائی اعزاز کی بات ہے۔
یہ تاریخی لمحہ ہوگا، جب پاکستان کا نام دوسری مرتبہ نوبل امن ایوارڈ کے ساتھ منسوب ہوگا۔
ان لمحوں کو ہمیشہ کے لئے یادگار بنانے کی غرض سے، پاکستان کی ایک اور شخصیت کو مدعو کیا گیا ہے اور وہ ہیں ۔۔۔آواز کے جادوگر۔۔ راحت فتح علی خان۔
راحت فتح علی خان نوبل امن ایوارڈ کی تقریب میں پرفارم کرنے والے پہلے پاکستانی آرٹسٹ ہوں گے۔ راحت کا کہنا ہے، ’اس قدر اہم اور عالمی تقریب میں شرکت کرنا ان کے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔‘
وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے، راحت فتح علی کا کہنا تھا کہ، ’تقریب 10 دسمبر کو ہوگی۔ لیکن، عالمی سطح پر، پاکستان کی نمائندگی کا خوش گوار احساس ابھی سے میرے لئے ناقابل بیان ہوتا جا رہا ہے۔ میرے نزدیک موسیقی لوگوں کے دلوں میں گھر بنانے کا ذریعہ ہے۔۔۔اور پاکستانی میوزک میں یہ ہنر کوٹ کوٹ کر بھرا ہے۔‘
بھارت کے لئے نوبل امن ایوارڈ جیتنے والے کیلاش ستھیارتھی بھی اسی تقریب میں اپنا ایوارڈ حاصل کریں گے، جبکہ ناروے کا شاہی جوڑا اور ان کے اہل خانہ بھی تقریب میں براہ راست راحت فتح علی خان کے لازوال فن سے محظوظ ہوں گے۔