بالی وڈ کے سلطان سلمان خان کا معروف 'چُلبل پانڈے' کا کردار اب بچوں کو محظوظ کرنے کے لیے تیار ہے۔ کیوں کہ اب فلم 'دبنگ' کی اینی میٹڈ سیریز نشر کی جا رہی ہے۔
سلمان خان نے اتوار کو جاری ٹوئٹ میں بتایا کہ فلم 'دبنگ' کی اینی میٹڈ سیریز 30 مئی سے صارفین معروف آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار وی آئی پی پر دیکھ سکیں گے۔
دوسری جانب اداکار نے ایک اور ٹوئٹ میں بتایا کہ اینی میٹڈ سیریز 31 مئی سے دوپہر 12 بجے روزانہ کارٹون نیٹ ورک پر بھی نشر کی جائے گی۔
'دبنگ' کے اینی میٹڈ ورژن کو بھارت اور سنگاپور کے مشترکہ اینی میشن اسٹوڈیو 'کوسموس مایا' اور 'ارباز خان پروڈکشنز' کی جانب سے پیش کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 2010 میں ریلیز ہونے والی ایکشن اور کامیڈی فلم 'دبنگ' میں سلمان خان نے ایک پولیس افسر 'چُلبل پانڈے' کا کردار ادا کیا تھا جسے خوب پسند کیا گیا تھا۔
سلمان خان نے اس فلم سے اپنے مداحوں کا اس قدر دل جیتا کے اس کے بعد فلم کے مزید دو سیکوئل 'دبنگ ٹو'، اور 'دبنگ تھری' بھی ریلیز کیے گئے تھے۔
چُلبل پانڈے کے چاہنے والوں کی جانب سے اینی میٹڈ سیریز سے متعلق سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔
دیپنکر دیب نامی ٹوئٹر صارف کہتے ہیں کہ "یہ سلمان خان کے مداحوں اور دبنگ بنانے والوں کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ میں اس کے لیے بے حد خوش ہوں اور مجھے امید ہے کہ یہ تمام لوگوں کو کامیابی کے ساتھ تفریح فراہم کرے گی۔"
ایک اور صارف کہتے ہیں کہ "ہم سب دبنگ کی اینی میٹڈ سیریز کے لیے بے حد پُر جوش ہیں۔"
سلمان خان کی ایکشن اور کامیڈی فلم 'دبنگ' میں ان کے ساتھ اداکارہ سوناکشی سنہا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
فلم کی ہدایت ابھینو سنگھ نے دی تھی جب کہ اسے ارباز خان، ملائیکہ اروڑا اور دھلن مہتا کی جانب سے پروڈیوس کیا گیا تھا۔