رسائی کے لنکس

سردار علی ٹکر نوبیل انعام تقریب میں پرفارم کریں گے


سردار علی ٹکر واشنگٹن ڈی سی میں ’وائس آف امریکہ‘ کی پشتو سروس ’ڈیوہ ریڈیو‘ سے منسلک ہیں اور جلد ہی نوبل امن انعام کی تقریب میں حصہ لینے کے لیے ناروے روانہ ہوں گے

پشتو زبان کے گلوکار، سردار علی ٹکر رواں ماہ اوسلو میں نوبل امن انعام کی افتتاحی تقریب میں ملالہ یوسف زئی کو گانے کی صورت میں خراج ِتحسین پیش کریں گے۔ اس تقریب میں راحت فتح علی خان بھی اپنے فن کا جادو جگائیں گے۔

سردار علی ٹکر اس موقعے پر ملالہ یوسفزئی کے لیے ’بی بی شیرینہ‘ گانا گائیں گے۔ سردار علی ٹکر نے یہ گانا اس وقت گایا تھا جب ملالہ یوسفزئی کو گولی لگی تھی اور اس گانے کا مقصد ملالہ یوسفزئی اور تعلیم کے حصول کے لیے ملالہ کی جرات کو سلام پیش کرنا تھا۔

سردار علی ٹکر واشنگٹن ڈی سی میں وائس آف امریکہ کی پشتو سروس ’ڈیوہ ریڈیو‘ سے منسلک ہیں اور جلد ہی نوبل امن انعام کی تقریب میں حصہ لینے کے لیے ناروے روانہ ہوں گے۔

سردار علی ٹکر کا اُردو سروس سے گفتگو میں کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے بہت خوشی اور اعزاز کی بات ہے کہ اس اہم موقعے پر انہیں پرفارم کرنے کا موقع ملا اور اپنے گانے کے ذریعے وہ ملالہ یوسفزئی کی کاوشوں کو خراج ِ تحسین پیش کر سکیں گے۔

ایک اہم بات یہ ہے کہ ’بی بی شیرینہ‘ گانا واشنگٹن ڈی سی میں وائس آف امریکہ کے ’ڈیوہ ریڈیو‘ سے منسلک صحافی بہروز خان نے لکھا۔ گانے کا مفہوم کچھ یوں ہے کہ، ’بی بی شیرینہ، تم ماں ہو، زندگی کی ساتھی ہو، بیٹی ہو اور بہن ہو۔ تم محبت کی علامت ہو۔ اے پیاری پشتون لڑکی، تعلیم تمہارا حق ہے‘۔

سردار علی ٹکر کا کہنا ہے کہ دراصل یہ گانا نہ صرف ملالہ یوسفزئی کے لیے ہے بلکہ پاکستان کی ان تمام بیٹیوں کے لیے ہیں جنہیں تعلیم کے سلسلے میں دشواریوں کا سامنا ہے یا زندگی کے کسی موقعے پر دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔

XS
SM
MD
LG