سعودی عرب کے شاہ عبداللہ نے عرب دنیا میں جاری بے چینی کی لہر کے خطرے کو بھانپتے ہوئے جمعے کے روز ملک میں اصلاحات لانے اور شہریوں کو مالیاتی فوائد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
جمعے کی نماز کے بعد ٹیلی ویژن پر ملک بھر میں نشر کی جانے والی اپنی تقریر میں شاہ عبداللہ نے حالیہ مظاہروں کے دوران ملک میں استحکام برقرار رکھنے میں مدد پر سیکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہا۔
ان کی مختصر تقریر کے بعد ٹیلی ویژن کے اینکرز نےشاہی فرامین کی تفصیل بیان کی جن میں تنخواہوں میں اضافہ اور نقد ی کی صورت میں تحائف بھی شامل تھے۔ حکومت نے بدعنوانی کے خلاف بھی مؤثراقدامات کا اعلان کیا۔
اس ماہ کے شروع میں سعودی حکومت نے مظاہروں پر پابندی عائد کردی تھی۔ تاہم پابندی کے باوجود ملک میں چھوٹے پیمانے پر کئی مظاہرے ہوچکے ہیں۔
شاہ عبداللہ اس سے قبل بھی بے چینی کی لہر پر قابوپانے کی کوشش میں عوام کے لیے متعدد مراعات کا اعلان کرچکے ہیں۔ فروری میں انہوں نے ملک میں کام کرنے والے تمام کارکنوں کی تنخواہوں میں 15 فی صد اضافے اور سماجی خدمات کے شعبے کے لیے زیادہ رقوم فراہم کرنے کا اعلان کیاتھا۔