رسائی کے لنکس

سعودی عرب میں خود سوزی کا پہلا واقعہ


سعودی عرب میں کسی شخص کی جانب سے خودسوزی کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

سعودی عرب کے عہدے داروں کا کہناہے کہ چند روز پہلے جس شخص نے خود پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگالی تھی، وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں ہلاک ہوگیا ہے۔

تیونس میں ایک ایسے ہی واقعہ کے بعد، جس سے حکومت مخالف جذبات بھڑک اٹھے تھے، سعودی عرب میں کسی شخص کی جانب سے خودسوزی کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

سرکاری عہدے داروں نے ہفتے کے روز کہا کہ ہلاک ہونے والا نامعلوم شخص یمن کی سرحد کے قریب جنوب مغرب میں واقع سمتا کا رہنے والا تھا اوراس کی عمر 60 سال کے لگ بھگ تھی ۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ وہ جمعے کے روز ہلاک ہوا۔

دسمبر میں تیونس کے ایک یونیورسٹی گریجوایٹ نوجوان نے بے روزگاری سے دلبرداشتہ ہوکر خود کو جلاکر ہلاک کرلیاتھا۔ اس کےبعد سے مصر، الجزائر اور مراکش سمیت خطے کے ملکوں میں خود سوزی کے واقعات کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔

تیونس میں خود سوزی کے واقعہ کے بعد بے روزگاری، خوراک کی مہنگائی اور سرکاری پالیسیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہروں کے نتیجے میں صدر زین العابدین کو ملک سے فرار ہونے پر مجبور ہونا پڑاتھا۔

حالیہ دنوں میں علاقے کے کئی دوسرے ملکوں جن میں یمن ، اردن اور الجزائر شامل ہیں، احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG